امریکہ میں فائرنگ سے مارے جانے والی ‘چھوٹی سی سبیکا شیخ کے بڑے بڑے خواب تھے’


سانٹافے ہائی سکول( سکول کے طالب علم'

سانٹافے ہائی سکول میں ایک طالبعلم کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ سمیت دس افراد ہلاک ہوئے

امریکی شہر ہیوسٹن کے ایک ہائی سکول میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ کے والد نے کہا ہے کہ ان کی بیٹی کے چھوٹی عمر میں ہی بڑے بڑے خواب تھے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی سبیکا کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج کے تحت ہیوسٹن کے سانٹافے سکول میں گذشتہ سال اگست میں پڑھنے گئی تھیں۔

سبیکا کے والد عبدالعزیز نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘سبیکا تین بہنوں میں سب سے بڑی تھی، اس کی دو چھوٹی بہنیں اور ایک بھائی ہے۔ اسے نو جون کو کراچی پہنچ جانا تھا۔’

ٹیکساس سکول کے ہلاک شدگان میں پاکستانی طالبہ بھی شامل

اس واقعے کی خبر ملتے ہی لوگ کراچی میں سبیکا کے گھر تعزیت کے لیے پہنچ گئے۔

سبیکا کے والد نے کہا کہ فائرنگ کی اطلاع انھیں میڈیا سے ملی۔ پھر انھوں نے سبیکا کے نمبر پر فون کیا، لیکن وہاں سے جواب نہیں آیا۔ پھر سکول کے رابطہ کار سے رابطے سے پتہ چلا کہ سکول میں فائرنگ ہوئی ہے۔ تین چار گھنٹے بعد اس نے تصدیق کی کہ سبیکا بھی فائرنگ کی زد میں آ گئی ہیں۔

انھوں نے سبیکا کے بارے میں بتایا کہ وہ ‘کراچی پبلک سکول کی طالبعلم تھی۔ چھوٹی سی عمر میں اس کے بڑے خواب تھے۔ غیر معمولی ذہین اور باصلاحیت بچی تھی۔ وہ پاکستان کی فارن سروس میں جانا اور ملک کے لیے کچھ کرنا چاہتی تھی۔

‘مجھے ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ میری بیٹی چلی گئی ہے۔’

سبیکا کی میت پاکستان منتقل کرنے کے لیے پاکستانی سفارت خانے نے کوششیں شروع کر دی ہیں۔

سانتا فے سکول

سفیر اعزاز چوہدری نے بتایا کہ کچھ ضروری کارروائیاں بھی باقی ہیں جن میں وقت لگتا ہے۔ لیکن کوشش ہے کہ جتنا جلد ہو سکے، سبیکا کی میت کو پہنچا دیا جائے۔


بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp