کیا پریتی زنٹا نے واقعی ایسا کہا؟


انڈین پریمیئر لیگ یعنی آئی پی ایل کا رواں سیزن اپنے آخری لیگ میچ تک کرکٹ کے مداحوں میں دلچسپی کا سبب رہا کیونکہ آخری لیگ میچ تک پلے آف میں جانے والی چار ٹیموں کا فیصلہ نہیں ہو سکا تھا۔

آخری لیگ میچ میں کنگز الیون پنجاب کو چنئ سپر کنگز کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

اس شکست کے بعد ٹوئٹر پر پریتی زنٹا کی ایک ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں ان کی خوشی چھپائے نہیں چھپ رہی۔

ایک صارف نے ویڈیو شیئر کی اور ساتھ میں لکھا کہ ’میم کیا آپ نے واقعی یہی کہا: ‘آئی ایم جسٹ ویری ہیپی دیٹ ممبئی از ناٹ گوئنگ ٹو دا فائنلز ۔۔۔ ریئلی ہیپی۔’ (میں اس بات سے بہت خوش ہوں کہ ممبئی فائنلز میں نہیں جا رہی ہے ۔۔۔ واقعی بہت خوش ہوں۔)

اس ٹویٹ کے جواب میں پریتی زنٹا نے لکھا: ’ریلیکس! اگر ممبئی باہر ہو جاتی ہے تب ہی پنجاب کے لیے پلے آف میں جانے کا کوئی موقع تھا اور راجستھان رائلز زیادہ خوش ہیں کیونکہ ہم لوگوں کو سی ایس کے نے ہرا کر باہر کر دیا اور وہ پلے آف کے لیے کوالیفائی کر گئے۔ جب چیزیں آخری موقعے کے لیے رہ جاتی ہیں تو آپ صرف اپنی جیت نہیں بلکہ دوسری ٹیموں کی شکست پر بھی نظر رکھتے ہیں۔‘

صارفین جہاں اس ویڈیو کو شیئر کر رہے ہیں وہیں وہ سابق انڈین کرکٹر وریندر سہواگ کے ایک پرانے ٹویٹ پر ان کو ٹرول بھی کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ جب ویسٹ انڈیز کے کرکٹر کرس گیل نے رواں سال آئی پی ایل کی پہلی سنچری لگائی تھی تو انھوں نے ٹویٹ کیا تھا کہ انھوں نے ‘گيل کو لے کر آئی پی ایل کو بچا لیا۔’

اب صارفین ان کو تنبیہ کر رہے ہیں کہ اب وہ ‘پریتی زنٹا سے خود کو بچا لیں۔’

ممبئی انڈینز آئی پی ایل کی سب سے کامیاب ٹیم رہی ہے اور اس نے تین بار یہ چیمپیئن شپ جیتی ہے جبکہ کنگز الیون پنجاب کو ایک بار بھی کامیابی نہیں ملی ہے۔

سوشل میڈیا کے اس شوشے سے قطع نظر پریٹی زنٹا کرکٹ کی بڑی فین نظر آتی ہیں اور انھیں تقریباً ہر میچ میں اپنی ٹیم کے ساتھ بڑے جوش کے ساتھ میدان میں دیکھا جاتا ہے۔ انھوں نے میچ کی شکست کے بعد ٹویٹ کیا: ‘آج رات کی شکست پر مایوسی ہوں لیکن سی ایس کے، ایس آر ایچ، آر آر اور کے کے آر کو پلے آف میں جانے کے لیے مبارکباد۔ آخری میچ تک اگر فیصلہ نہ ہو تو بہت مشکل ہو جاتا ہے لیکن ہم آئندہ سال زیادہ مضبوطی کے ساتھ آئيں گے۔۔۔’

آخری میچ چینئی سپر کنگز اور کنگز الیون پنجاب کے درمیان تھا۔ پنجاب کو پلے آف میں جانے کے لیے چینی کو بڑے فاصلے سے ہرانا تھا۔

لیکن ایسا ہو نہ سکا اور پنجاب کی شکست کے بعد راجستھان رائلز پلے آف میں پہنچی۔ لیکن اس سے قبل کل شام آئی پی ایل میں سب سے کم میچز جیتنے والی ٹیم دہلی کا دفاعی چیمپیئن ممبئی سے مقابلہ تھا اور ممبئی اس میچ کو جیت کر پلے آف میں پہنچ سکتی تھی لیکن دلی ڈیئر ڈیولز کے ارادے کچھ اور ہی تھی اور انھوں نے ممبئی کو آگے جانے سے روک دیا۔

پلے آف میں پہنچنے والی ٹیموں میں سن رائزرس حیدرآباد 18 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ چینئی 18 پوائنٹس کے ساتھ دوسر، کولکتہ 16 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ راجستھان رائلز 14 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

بہر حال کنگز الیون پنجاب کے کھلاڑی رواں آئی پی ایل میں بیٹنگ اور بولنگ میں سرفہرست کھلاڑیوں میں شامل رہے۔ اوپنر کے ایل راہل سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں 659 رنز کے ساتھ ریشب پنت اور کین ولیمسن کے بعد تیسرے نمبر پر رہے جبکہ کنگز الیون کے بولر اینڈریو ٹائی 14 میچوں میں 24 وکٹوں کے ساتھ سر فہرست رہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32483 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp