’عافیہ صدیقی کی موت کی افواہیں مکمل طور پر غلط ہیں‘


پاکستان

پاکستان میں مذہبی جماعتیں عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کئی بار احتجاجی مظاہرے کر چکی ہیں

پاکستان کے امریکی شہر ہوسٹن میں قائم سفارت خانے کا کہنا ہے کہ قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے ریاست ٹیکساس میں واقع جیل ایف ایم سی کارسویل میں پاکستانی شہری عافیہ صدیقی سے ملاقات کی جو کہ دو گھنٹے جاری رہی۔

سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ تحریری اعلامیے میں کہا گیا کہ حالیہ دنوں میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی موت کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہیں مکمل طور پر غلط ہیں اور یہ پاکستانی کونسل جنرل کی عافیہ صدیقی سے گذشتہ 14 ماہ میں چوتھی ملاقات تھی۔

واضح رہے کہ پاکستانی شہری ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو 2010 میں امریکی عدالت نے افغانستان میں امریکی فوجیوں پر حملہ کرنے کی پاداش میں 86 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

پاکستان

ہوسٹن میں سفارت خانے سے جاری اعلامیے کا عکس

عافیہ صدیقی کی موت کے بارے میں افواہیں حال ہی میں اس وقت سامنے آئی ہیں جب پاکستانی ڈاکٹر شکیل آفریدی کی ممکنہ طور پررہائی کے حوالے سے خبر گرم ہے۔

عافیہ صدیقی ایک معمہ

امریکہ کی مدد کرنے والے شکیل آفریدی کی رہائی متوقع

القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کی گرفتاری میں مبینہ طور پر امریکہ کی مدد کرنے والے پاکستانی ڈاکٹر شکیل آفریدی کے وکیل قمر ندیم ایڈوکیٹ نے بی بی سی اردو کو گذشتہ ماہ تصدیق کی تھی کہ ان کے موکل کو ملنے والی سزا معافیاں لگنے کے ساتھ اگلے مہینے پوری ہورہی ہے جس کے بعد قومی امکان ہے کہ ان کو رہائی مل جائے گی۔

اس کے بعد سوشل میڈیا پر مئی میں کئی ایسے پیغامات سامنے آئے جن میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی موت کی خبر دی گئی اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔

یاد رہے کہ امریکی تفتیشی ادارہ ایف بی آئی ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر القاعدہ کی حمایت کا بھی الزام لگاتا رہا ہے اور مبینہ طور پر 2008 میں افغانستان میں جب انھیں گرفتار کیا گیا تھا تو ان کے پاس بم تیار کرنے کی معلومات اور نیو یارک شہر کے اہم مقامات کی فہرست تھیں۔

پاکستان میں مذہبی جماعتیں عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کئی بار احتجاجی مظاہرے کر چکی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32552 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp