مظہر کلیم ایم اے انتقال کر گئے


ہزاروں کتابوں کے مصنف اور ”عمران سیریز“ کے سیکڑوں ناول لکھنے والے نامور ادیب مظہر کلیم ایم اے‘ آج ملتان میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ اُن کی نماز جنازہ آج دوپہر ڈیڑھ بجے ابدالی مسجد ملتان میں ادا کی جائے گی۔ یاد رہے ”عمران سیریز“ کے خالق ابن صفی مرحوم تھے۔ لیکن ”عمران سیریز کی بے پناہ مقبولیت کو دیکھتے بہت سے مصنفین نے ان کرداروں پر طبع آزمائی کی، لیکن ابن صفی کے بعد مظہر کلیم ہی کا شہرہ ہوا۔

مظہر کلیم بچوں کے ادب کا ایک بڑا نام تھے۔ بے شمار بچوں کا کتاب سے رشتہ ان کی وجہ سے جڑا۔ ان کے کردار چلوسک ملوسک، چھن چھنگلو اور آنگلو بانگلو بچوں کے ادب کے درخشندہ ستارے ہیں۔ انہوں نے بچوں کے لئے داستان امیر حمزہ اور طلسم ہوشربا کے کردار عمرو عیار پر بھی لکھا۔ مظہر کلیم کے مطابق انہوں نے عمران سیریز کے 600 سے زائد ناول لکھے اور بچوں کے لئے لکھی جانے والی کتابوں کی تعداد پانچ ہزار سے زائد ہے۔

ابن صفی کی عمران سیریز کے برعکس مظہر کلیم کی عمران سیریز میں پلاٹ کی پیچیدگی سے زیادہ مار دھاڑ پر زور دیا جاتا تھا۔ اس میں عمران کو ایک مافوق الفطرت ہیرو بنا کر پیش کیا گیا تھا جو ایک بہت جینئیس سائنسدان ہے جو پیچیدہ سے پیچیدہ سائنسی مسئلہ چند لمحوں میں سلجھا کر بہت بڑے بڑے سائنسدانوں کو حیران کر دیتا ہے۔ ابن صفی کے کرداروں تنویر اور جوزف کو بھی مار دھاڑ کا شوقین دکھایا گیا ہے۔ مظہر کلیم نے چند نئے کردار جیسے جوانا، ٹائیگر، صالحہ اور کیپٹن شکیل وغیرہ بھی متعارف کرائے۔ بعد کے برسوں میں عمران سیریز میں روحانیت کا عنصر بھی شامل ہو گیا اور عمران کے مقابلے شیطان، اس کے پجاریوں اور جادوگروں سے بھی ہونے لگے۔

مظہر کلیم کی پیدائش 22 جولائی 1942ء کو پاکستان کے شہر ملتان میں ہوئی۔ مظہر کلیم کا اصل نام مظہر نواز خان ہے لیکن انہوں نے مظہر کلیم ایم اے کے قلمی نام سے شہرت پائی۔ انہوں نے ملتان اسلامیہ ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کی اور ایمرسن کالج سے بی اے کیا۔ اس کے بعد جامعہ ملتان (حالیہ جامعہ بہاء الدین ذکریا) سے اردو ادب میں ایم اے اور ایل ایل بی کیا۔ پیشہ کے لحاظ سے ایک قانون دان ہیں اور انہوں نے ناول نگاری کو ایک جزوقتی مشغلہ کے طور پر اپنایا۔ نیز ریڈیو ملتان کا مشہور سرائیکی ریڈیو ٹاک شو ”جمہور دی آواز“ کے اینکرپرسن بھی رہے۔

”ہم سب“ کے قارئین کی دلچسپی کے لئے مظہر کلیم مرحوم کا ایک انٹرویو پیش کیا جا رہا ہے جس میں وہ اپنی شخصیت اور فن کے بارے میں بتاتے ہیں۔

مظہر کلیم اپنے انٹرویو میں ابن صفی سے اپنا تقابل کرتے ہیں


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).