سابق چیف جسٹس ناصرالملک پاکستان کے نگران وزیراعظم نامزد


ناصر الملک

PID

پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے نگراں وزیراعظم کے لیے ملک کے سابق چیف جسٹس ناصر الملک کو نامزد کر دیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے منگل کو وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کے بعد انھیں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کیا۔ پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپوزیشن لیڈر سے متعدد ملاقاتیں بھی کیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فیصلہ کرنا آسان نہیں تھا لیکن وہ اتفاق رائے قائم کرنے کے لیے سب جماعتوں کے مشکور ہیں۔ سنہ 2013 کے انتخابات کے موقع پر بھی صورتحال کچھ خوش آئند نہیں تھی جب پارلیمنٹ کے بجائے الیکشن کمیشن نے نگراں وزیراعظم کا نام چنا تھا۔

پاکستان کے صدر ممنون حسین نے ملک میں 25 جولائی 2018 کو عام انتخابات کروانے کی منظوری دے چکے ہیں۔ ایوان صدر کے ترجمان کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات ایک ہی دن منعقد کیے جائیں گے۔آئین کے تحت موجودہ حکومت کی مدت اس مہینے کے آخر میں مکمل ہو رہی ہے جس کے بعد ساٹھ روز کے اندر عام انتخابات کروانا ضروری قانونی تقاضا ہے۔

عام انتخابات نگران حکومت کے تحت منعقد کیے جاتے ہیں جو انتقالِ اقتدار تک اپنے فرائض انجام دے گی۔ دستور کے مطابق حکومت کی آئینی مدت مکمل ہو جانے سے پہلے ہی نگراں وزیراعظم کا چناؤ کیا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ موجودہ حکومت کی مدت 31 مئی کو ختم ہو رہی ہے جس کے بعد عبوری حکومت ملک میں عام انتخابات منعقد کروائے گی جو ممکنہ طور پر جولائی کے آخر یا اگست کے پہلے ہفتے میں ہوں گے۔

پہلے مرحلے میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کو نگراں سیٹ اپ کے لیے ایک نام پر اتفاق کرنے کا موقع دیا جاتا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان اب تک متعدد ملاقاتیں ہو چکی ہیں جو بظاہر بے نتیجہ ثابت ہوئی ہیں۔


بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp