کائلی مینوگ کا ڈراموں سے پاپ سٹار تک کا سفر


ٹی وی سیریلز سے عالمی پاپ سٹار بننے والی کائلی مینوگ اپنی 50 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ تین دہائیوں پر محیط ان کے کریئر میں ان کے آٹھ کروڑ سے زیادہ ریکارڈ فروخت ہو چکے ہیں۔

کائلی مینوگ نے 30 سال سے زیادہ عرصہ پردے، سٹیج اور ریڈ کارپٹ پر گزارے۔ انھیں آسٹریلیا کی مقبول ترین ٹی وی سیریل ‘نیبرز’ میں ایک پڑوسی کا کردار ادا کرنے پر پہلی بار شہرت ملی تھی۔

‘دا ویڈنگ آف سکاٹ اینڈ شارلین’ نامی سیریل کو برطانیہ میں دو کروڑ ناظرین نے دیکھا۔ اس میں کائلی مینوگ اور جیسن ڈونووان تھے لیکن تھوڑے دنوں تک ساتھ رہنے کے بعد دونوں نے شو چھوڑ کر برطانیہ کی پاپ میوزک انڈسٹری میں قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا۔

کائلی مینوگ کا پہلا سنگل البم ‘دا لوکو موشن’ آسٹریلیا میں سنہ 1987 میں پہلے نمبر پر پہنچا اور دنیا بھر میں اس کے پونے سات کروڑ ریکارڈ فروخت ہوئے۔

کائلی کے ساتھی ڈونووان سنہ 1990 کی دہائی کے وسط میں منشیات کی لت کے بارے میں کھلے عام بات کرتے ہیں جبکہ اسی دوران کائلی ایک کے بعد ایک ہٹ گیت دیتی رہیں۔

1990 کی دہائی کے وسط تک کائلی نے کامیابی کے ساتھ اپنی معصوم ٹام بوائے والی شبیہ ختم کر دی۔ سنہ 2001 میں آنے والا ان کا ہٹ گانا ‘کانٹ گیٹ یو آؤٹ آف مائی ہیڈ‘ اس دہائی کا مقبول ترین گیت ثابت ہوا۔ کائلی کو ان کی موسیقی کے لیے متعدد ایوارڈز ملے اور انھیں سنہ 2004 میں گریمی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

کائلی نے جیسن کے ساتھ سنہ 1988 میں ایک معروف دوگانہ ‘سپیشلی فار یو’ گایا۔ دونوں نے اس گانے کو لندن میں منعقدہ کرسمس کنسرٹ میں سنہ 2012 میں بھی ایک ساتھ گایا۔

گلوکارہ کو ‘پرنسس آف پاپ’ کے نام سے پکارا گیا۔ انھوں نے کئی شاہی تقریبات میں اپنے گیت پیش کیے جن میں پرنس چارلس اور ملکہ بھی موجود تھیں۔

سنہ 2005 میں کائلی کو 36 سال کی عمر میں ‘شو گرل گریٹسٹ ہٹس ٹور’ کو اس وقت مؤخر کرنا پڑا جب انھیں چھاتی میں سرطان کی تشخيص ہوئی۔ انھوں نے بعد کے مہینوں کے بعض ‘مایوس کن لمحات’ کا ذکر کیا۔

گلوکارہ نے اپنی 50 ویں سالگرہ پر جاری ایک ٹوئٹر پیغام میں اپنے اہل خانہ، دوستوں اور طبی حکام کا شکریہ ادا کیا ہے جنھوں نے دس سال قبل انھیں سرطان سے لڑنے میں مدد کی تھی۔

گلوکارہ سنہ 2006 میں چھاتی کے سرطان سے پوری طرح شفایاب ہوئیں اور پھر انھیں ‘شو گرل’ کے ٹور پر دیکھا گیا۔ یہ تصویر سنہ 2006 میں سڈنی میں لی گئی تھی۔

کائلی نے بعض تاریخی پروگرام جیسے سڈنی اولمپکس میں پرفارم کیا۔ انھوں نے اپنا خواتین کا زیر جامہ اور بستر کے لباس لانچ کیے۔ انھیں دس سال قبل موسیقی کی خدمت کے لیے بکنگھم پیلس میں ‘او بی ای’ یعنی آرڈر آف برٹش ایمپائر کے انعام سے نوازا گیا۔

کائلی واحد مینوگ نہیں جنھوں نے شہرت حاصل کی بلکہ ان کی بہن ڈینی بھی آسٹریلیا اور برطانیہ کی ٹی وی سکرین کا معروف چہرہ ہیں۔ انھوں نے نیبرز کے حریف سیریل ’ہوم اینڈ اوے‘ سے شہرت حاصل کی اور اپنی بہن کی طرح پاپ گلوکاری کے میدان میں اتریں۔

کائلی مینوگ کی توانائی سے بھرپور کارکردگی کے نتیجے میں انھیں ہم جنس پرستوں کی بہت حمایت حاصل ہے اور انھیں اکثر سڈنی کے سالانہ ہم جنس پرست پریڈ میں دیکھا گيا ہے۔

سنہ 2016 میں انھیں اور ان کے اس وقت کے برطانوی اداکار منگیتر جوشوا سیسے کے ساتھ ‘سے، آئی ڈو’ کی ٹی شرٹ پہنے ہوئے دیکھا گیا جو ہم جنس شادی کی حمایت تھی۔ آسٹریلیا نے ایک سال بعد ہم جنس شادی کو قانونی درجہ دیے جانے کے حق میں ووٹ دیا۔

اپنی اس تصویر کے ساتھ ایک ٹویٹ میں کائلی مینوگ نے کہا ‘اور ایک نئی دہائی شروع ہوتی ہے۔ زندگی نے مجھے جتنے مواقع دیے میں اس کی بہت شکر گزار ہوں۔ 50 ۔۔۔ لیٹس گو۔’ گلوکارہ رکنے کا نام نہیں لے رہی ہیں اور ان کے تازہ البم ‘گولڈن’ رواں سال آسٹریلیا اور برطانیہ میں پہلے نمبر پر پہنچا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).