چرن جیت سنگھ : ہم اسی ملک کے باشندے ہیں اور ہمارا مرنا جینا بھی یہاں ہے


سکھ پاکستان

چرن سنگھ کا کہنا تھا کہ "ہم کسی دوسرے ملک سے ہجرت کرکے نہیں آئے بلکہ ہم اسی ملک کے باشندے ہیں اور ہمارا مرنا جینا بھی یہاں ہے۔”

 پشاور میں منگل کو ہدف بنا کر قتل کیے جانے والے سکھوں کے مذہبی رہنما چرن جیت سنگھ اکثر اوقات مذہبی رواداری اور امن کے فروغ کے لیے ہونے والے پروگراموں میں پیش پیش رہا کرتے تھے۔

پشاور میں سکھ کمیونٹی کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ چرن جیت سنگھ کو منگل کو پشاور کے علاقے سکیم چوک میں اپنے دوکان میں مسلح حملہ آور نے پستول سے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ انہوں نے کہا پولیس کے مطابق واردات میں سلنسر پستول کا استعمال کیا گیا ہے کیونکہ قریب واقع دوکانوں میں کسی کو فائرنگ کی آوازسنائی نہیں دی۔ انھیں اس وقت واقعے کا علم اس وقت ہوا جب سکھ رہنما کی موت ہو چکی تھی۔

مقتول پشاور میں سکھوں کے ایک سرگرم مذہبی رہنما تھے۔ وہ اکثر اوقات شہر میں مذہبی رواداری، ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے سلسلے میں ہونے والے پروگراموں میں پیش پیش رہے ہیں۔ ان کے میڈیا کے نمائندوں سے بھی بڑے اچھے اور قریبی مراسم تھے۔

اپریل 2014 میں خیبرپختونخوا میں سکھوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا تو میں اس ضمن میں ایک رپورٹ بنانے کے لیے پشاور میں سکھ کمیونٹی کے مرکز محلہ جوگن شاہ کے گوردوارہ پہنچ گیا۔ یہاں مجھے چرن جیت سنگھ ملے جس نے گوردوارے میں ہمارا استقبال کیا۔ میں نے ان کا ٹی وی اور ریڈیو کے لیے مفصل انٹرویو بھی کیا۔ اس انٹرویو کے کچھ حصے اس وقت میرے سامنے موجود ہیں۔

چرن جیت سنگھ نے اس وقت کہا تھا کہ ’پاکستان ہمارا ملک ہے، ہمارے آباؤ اجداد یہاں رہتے آئے ہیں، پھر خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقے تو ہمارے اپنے گھر ہیں، یہاں ہم پلے بڑھے ہیں یہ ہماری اپنی مٹی ہے لیکن افسوس یہاں ہمارے ساتھ بہت برا سلوک ہو رہا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا تھا اگر سکھ باشندے اپنی پیدائش کے مقامات میں بھی محفوظ نہ ہوں تو پھر وہ کہاں جائیں یہ ملک چھوڑ دیں یا کیا کریں۔

’ہم پہلے بھی یہ واضح کرچکے ہیں کہ ہم کسی دوسرے ملک سے ہجرت کرکے نہیں آئے بلکہ ہم اسی ملک کے باشندے ہیں اور ہمارا مرنا جینا بھی یہاں ہے۔‘

سکھ پاکستان

سکھ رہنما چرن سنگھ کو گزشتہ روز پشاور میں مسلح موٹر سائیکل سوار نے قتل کیا۔ وہ مذہبی رواداری کا پرچار کرتے تھے

بنیادی طورپر چرن جیت سنگھ کا تعلق قبائلی علاقے کرم ایجنسی سے تھا لیکن وہ گذشتہ 27 برسوں سے خاندان سمیت پشاور میں مقیم تھے۔ وہ سکھوں کے مزہبی مبلغ بھی تھے۔

پشاور کی سکھ کمیونٹی نے مذہبی بھائی چارے کے فروغ کےلیے پشاور شہر میں رمضان کے مہینے میں غریب اور نادار مسلمانوں کو مفت افطاری دینے کا اہتمام کرتی آئی ہے اور یہ سلسلہ گذشتہ تین سالوں سے جاری ہے۔

مقتول چرن جیت سنگھ اکثر اوقات اس مہم میں پیش پیش ہوتے تھے۔ سکھوں کے مخیر افراد شہر کے مختلف علاقوں میں دستر خوان لگا کر ہر رمضان کے عشرے کے دوران چار سے پانچ مرتبہ مفت افطاری کا انتظام کیا کرتے تھے جس میں شہر بھر کے غریب مزدور شرکت کرتے تھے۔

تاہم سکھوں کے نمائندوں کے مطابق اقلیتوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں مسلسل اضافے کے باعث اس سال ان افطاریوں کی ذرائع ابلاغ پر زیادہ تشہیر نہیں کی گئی۔

پشاور میں سکھوں کے ایک نوجوان رہنما باباجی گورپال سنگھ کا کہنا ہے کہ تمام اقلیتیں ہر وقت گھر کے اندر، باہر یا کام کی جگہ پر ڈر و خوف کی حالت میں زندگی گزار رہے ہوتے ہیں۔

انھوں نے بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے مطالبہ کیا کہ سکھوں کے خلاف جاری تشدد کے واقعات کا فوری طورپر نوٹس لیا جائے اور انھیں تحفظ فراہم کیا جائے۔

سکھ پاکستان

"اگر سکھ باشندے اپنی پیدائش کے مقامات میں بھی محفوظ نہ ہوں تو پھر وہ کہاں جائیں یہ ملک چھوڑ دیں یا کیا کریں۔”

ادھر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر چرن جیت سنگھ کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی جارہی ہے اور صارفین کی طرف سے سکھ کمیونٹی کے ساتھ اظہار تعزیت کیا جارہا ہے۔

خیبر پختونخوا میں خواتین کے حقوق کےلیے سرگرم غیر سرکاری تنظیم کے سربراہ رخشندہ ناز نے فیس بک پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ ’چرن جیت سنگھ کو سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کرنا چاہیے تھیں کیونکہ مذہبی راوداری اور امن کے فروغ کے لیے ان کی خدمات گراں قدر رہی ہیں۔‘

ایک اور صارف سید حسن علی شاہ نے لکھا ہے کہ ’چرن جیت سنگھ کو مسلمانوں کےلیے افطاری کا انتظام کرنے کی سزا دی گئی اور کسی مذہبی رہنما نے اس انسان دوست شخص کو قتل کرنے کی مذمت تک نہیں کی۔‘

سماجی کارکن ثنا اعجاز نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’چند دن پہلے ہم نے سنا کہ انڈیا میں ایک سکھ فوجی نے ایک مسلمان کو مشتعل ہجوم سے بچایا اور کل ہم نے پشاور کے مضافات میں دیکھا کہ ایک سکھ رہنما کو بے دردی سے قتل کردیا گیا۔‘


بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp