پنجاب کے نامزد نگران وزیرِ اعلٰی پنجاب ایک دن دیانتدار تو دوسرے دن متنازع
پاکستان کے چاروں صوبوں میں پنجاب وہ واحد صوبہ تھا جہاں حکومت اور حزبِ اختلاف کے درمیان باہمی مفاہمت سے نگراں وزیرِ اعلٰی کا انتخاب ہو چکا تھا۔
نگراں وزیرِ اعلٰی کے لیے سابق سینیئر بیوروکریٹ ناصر محمود کھوسہ کے نام پر پنجاب میں حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ اور حزبِ احتلاف کی پاکستان تحریکِ انصاف کے درمیان اتفاق ہوا جس کا باقاعدہ اعلان بھی کر دیا گیا تھا۔
یہ اتفاق محض دو دن تک قائم رہا۔ پھر بدھ کے روز پاکستان تحریکِ انصاف نے ناصر محمود کھوسہ کے نام پر اعتراض لگا دیا۔ حیران کن طور پر پاکستان تحریکِ انصاف ہی نے ان کا نام تجویز کیا تھا اور مذاکرات کے دوران کوشش کر کے حکومت کو اس پر راضی کیا تھا۔
پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمودالرشید نے لاہور میں بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ ناصر محمود کھوسہ کے حوالے سے انہیں اپنی جماعت کے اندر اور باہر سے سخت ردِعمل کا سامنا کرنا پڑا۔
’ان کے بارے میں تاثر ہے کہ وہ پاکستان مسلم لیگ نون کے زیادہ قریب ہیں، اس لیے غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ممکن نہ ہو پائے گا۔ اس کے بعد جماعت نے ان کا نام واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت متبادل نام پر مشاورت کرنے کے بعد چند گھنٹوں میں حکومت کو تجویز کے لیے بھجوا دے گی۔
اس پر حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ چونکہ ناصر کھوسہ کا نام منظوری کے لیے گورنر پنجاب کو بھجوایا جا چکا تھا اس لیے اسے واپس لینا ممکن نہیں تھا۔
تاہم ان کے نام کے حوالے سے تنازع کھڑا ہونے کے بعد خود ناصر کھوسہ نے نگراں وزیرِ اعلٰی کا عہدہ سنبھالنے سے معذرت کر لی ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان پر پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے لگائے جانے والے اعتراضات بے بنیاد ہیں تاہم ’ایک سیاسی جماعت کی جانب سے حمایت واپس لیے جانے کے بعد میری نامزدگی متنازع بنا دی گئی ہے جس پر میں نے عہدہ نہ سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق ناصر کھوسہ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 10 روز قبل ان سے ٹیلیفون پر بات کی تھی اور نگران وزیرِ اعلٰی کے لیے ان کا نام تجویز کرنے کا بتایا تھا۔
’گفتگو کے دوران عمران خان نے مجھے قابلِ اعتماد اور دیانتدار قرار دیا تھا، آج ان ہی کی تحریکِ انصاف میڈیا میں مجھ پر الزامات لگا رہی ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ وہ ان معاملات میں الجھنا نہیں چاہتے۔
صوبہ پنجاب کے وزیرِ قانون رانا ثنا اللہ نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کو اس فیصلے پر تنقید کا نشانہ بنایا کہ’یہ ہمیشہ ایسا ہی کرتے ہیں، فیصلہ پہلے کرتے ہیں اور سوچتے بعد میں ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ناصر محمود کھوسہ کا نام پہلے ہی سے گورنر پنجاب کو بھجوا دیا گیا تھا جس پر انہیں جمعرات کا دن ختم ہونے سے قبل منظوری کے دستخط کرنے تھے۔ ’قانونی طور پر اب ان کا نام واپس نہیں لیا جا سکتا اور اگر ناصر محمود کھوسہ نے خود عہدہ سنبھالنے سے معذرت کر لی تو پھر معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا۔‘
ان کا کہنا تھا ایک مرتبہ نگراں وزیرِ اعلٰی کے لیے نام پر فیصلہ ہو جانے کے بعد دوبارہ حکومت اور حزبِ اختلاف کے درمیان اس معاملے پر مزید مذاکرات کی قانونی طور پر گنجائش نہیں ہے۔
تاہم بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ قانون میں اس کی گنجائش موجود ہے۔
’قانون کے مطابق تو حکومت کی مدت ختم ہونے کے تین دن بعد تک بھی سابق وزیرِ اعلٰی اور سابق قائدِ حزبِ اختلاف مل کر بیٹھ سکتے ہیں اور نگراں وزیرِ اعلٰی کے نام پر مذاکرات کر سکتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے مشاورت کے بعد نگراں وزیرِ اعلٰی کے لیے دو ناموں پر اتفاق کر لیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ سپیکر پنجاب اسمبلی اور پنجاب کے وزیرِ قانون رانا ثنا اللہ سے رابطہ کر کے ان ناموں سے آگاہ کریں گے۔
’اگر وہ نہیں مانتے تو ہم پھر یہ نئے نام عوام کے سامنے لے آئیں گے۔‘
ناصر کھوسہ کا نام واپس لینے کے فیصلے پر ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کے ’اندر اور باہر سے کئی ریٹائرڈ بیوروکریٹس اور دیگر افراد‘ کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا کہ ان کی جماعت نے فیصلہ کیا کہ غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے ضروری ہے کہ ان کا نام واپس لے لیا جائے۔
تاہم اس حوالے سے ناصر کھوسہ کا نام تجویز کرنے سے قبل کیوں نہیں سوچا گیا، تو ان کا کہنا تھا کہ ’اس وقت ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ اس قدر شدید ردِ عمل آئے گا۔‘


