امریکی حملے میں سینیئر دہشت گرد کی ہلاکت، فضل اللہ کے مارے جانے کی قیاس آرائیاں


ملا فضل اللہ

ماضی میں بھی ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں تاہم بعدازاں ان کی تردید کر دی گئی تھی

امریکی حکام کی جانب سے افغانستان کے صوبے کنّڑ میں بدھ کی شام ہونے والے ایک ڈرون حملے میں ایک دہشت گرد تنظیم کے سینیئر رہنما کی ہلاکت کے دعوے کے بعد ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ مارا جانے والا شخص تحریکِ طالبان پاکستان کا سربراہ ملا فضل اللہ تھا۔

افغانستان میں امریکی فوج کے ترجمان لیفٹینٹ کرنل مارٹن اوڈونل کی جانب سے جمعرات کی شب ایک بیان جاری گیا تھا جس میں کہا گیا کہ 13 اور 14 جون کی شب امریکی فوج نے پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے میں انسدادِ دہشت گردی کی ایک کارروائی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کا ہدف دہشت گرد قرار دی گئی ایک تنظیم کا سینیئر رہنما تھا۔ امریکی فوج کی جانب سے کارروائی اور اس میں نشانہ بنائے جانے والے افراد کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

یہ بیان سامنے آتے ہی ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ مارا جانے والا شخص ملا فضل اللہ ہے۔

تاہم ابھی تک پاکستانی یا افغان فوج یا پھر امریکی حکام کی جانب سے اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی طالبان کی جانب سے اس بارے میں کوئی بیان جاری کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ماضی میں بھی کئی مرتبہ ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں تاہم بعدازاں ان کی تردید کر دی گئی تھی۔

پاکستان امریکی حکام سے متعدد بار مطالبہ کر چکا ہے کہ وہ افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنائیں۔

امریکی حکومت نے فضل اللہ کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے اور پاکستانی طالبان کے سربراہ کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 50 لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

ملا فضل اللہ کون ہیں؟

فضل اللہ 1974 میں سوات میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق یوسفزئی قبیلے کی بابوکارخیل شاخ سے ہے اور وہ ایک پاؤں سے معمولی معذور بھی ہیں۔

انھیں 2013 میں حکیم اللہ محسود کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد تحریک طالبان پاکستان کا سربراہ چنا گیا تھا۔

وہ سوات میں طالبان کے دور میں بڑے پیمانے پر قتل و غارت کے بھی ذمہ دار سمجھے جاتے ہیں اور انھوں نے امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی پر بھی قاتلانہ حملہ کروایا تھا۔

پاکستانی حکام 2014 میں پشاور میں آرمی پبلک سکول پر طالبان شدت پسندوں کے حملے کا ماسٹر مائنڈ بھی ملا فضل اللہ کو ہی قرار دیتے ہیں۔ اس حملے میں 148 افراد ہلاک ہوئے جن میں اکثریت بچوں کی تھی۔


بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp