سندھ میں تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس میں انتخابی سمجھوتہ ہو گیا


سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم این اے 220 سے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے حق میں دستبردار ہو گئے اور الیکشن مل کر لڑنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور تحریک انصاف میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات طے پا گئے ہیں اور الیکشن مل کر لڑنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم این اے 220 سےتحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اقتدار کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کے حالات بدلنے کیلئے جہدوجہد کررہی ہے پی ٹی آئی عوام کیلئے امید کی کرن بن چکی ہے۔ آج سندھ کے لوگوں میں احساس محرومی پایا جاتا ہے۔ پیپلزپارٹی کے دس سالہ دور اقتدار میں کراچی کو کچراخانہ بنا دیا۔ آج اگر کراچی میں امن ہے تو رینجرز کی وجہ سے ہے۔

شاہ محمود قریشی نے عمرکوٹ میں ایک بڑے جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری نے مک مکا کی سیاست کی۔ آج بھٹو والی پیپلزپارٹی نہیں، یہ زرداری پارٹی بن چکی ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا سندھ کے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف نے لوگوں کو اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کرنے کا حوصلہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں سندھ اور پاکستان کے حالات کی بڑی فکر ہے وہ یہاں قومی اسمبلی کی نشست کے لئے نہیں بلکہ حالات بدلنے اور رجعت پسندوں کا مقابلہ کرنے کیلئے آئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے عوام سے کہا کہ اس جہدوجہد میں میرا ساتھ دیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آصف علی زرداری نے میرا مقابلہ کرنے کیلئے حامد سعید کاظمی کو کہا کہ پیسے دوں گا، تم مخدوم کے خلاف الیکشن لڑو۔ مگر حامد سعید نے آصف زرداری کی پیشکش کو ٹھکرا دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میرے خاندان کو تقسیم کیا گیا۔ ارباب غلام رحیم کے خاندان کو تقسیم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سر کٹ تو سکتے ہیں مگر جھک نہیں سکتے۔

اس سے قبل جلسے عام سے جی ڈی ای کے رہنما اور سندھ کے سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انشا اللہ سندھ میں پیپلزپارٹی کو شکست دی جائے گی۔ عوام سندھ میں پیپلزپارٹی سے نجات کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا کہ جی ڈی ای سندھ میں پیپلزپارٹی کا بھرپور مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ انشا اللہ عوام کو الیکشن میں سرپرائز دیں گے۔ شاہ محمود قریشی آج دن میں تھر کے لیے روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).