بشریٰ بی بی کی روحانی و گھریلو سرگرمیاں


بشریٰ اور عمران خان کی شادی کے بعد بشریٰ بی بی پہلی دفعہ زمان پارک میں شوہرکے آبائی اور قدیمی گھر گئیں۔ سفید ریشمی برقع میں ملبوس بشریٰ، اپنے شوہر کوبابافرید کے مزار پاکپتن بھی لیکر گئیں۔ پہلے بشریٰ نے عقیدت سے چوکھٹ کو چوما،عمران خان نے بھی بیوی کی پیروی میں چوکھٹ کو چوما اور مزار کے دروازے سے گذرکر اندرچلے گئے۔ اس موقع پر بابا فریدکے مزار سے وابستہ مریدین نے ’’حق فرید یا فرید‘‘ کے نعرے بھی لگائے۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے پاک پتن سے ٹکٹ ہولڈرکا مانیکا خاندان بھی دربار پاکپتن سے وابستہ ہے بلکہ سجادہ نشین خاندان کا قریبی رشتہ دار ہے۔ دربار فریدیہ پاک پتن کے سجادہ نشین مودود مسعود چشتی اور ان کے بیٹے احمد مسعود چشتی کی پی ٹی آئی کے امیدوار دیوان عظمت چشتی سے قریبی رشتہ داری ہے جبکہ احمدرضا مانیکا جو مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈرہیں، وہ دیوان عظمت چشتی کے پھوپھی زاد بھائی ہیں۔ ایک اور دلچسپ خبریہ ہے کہ بشریٰ وٹو کے داماد اور عطا مانیکا کے بیٹے حیات مانیکا ن لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑرہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی نے ان کے مقابلے میں کوئی امیدوارکھڑانہیں کیا۔