ایک معمولی سی اختراع آپ کے قیمتی اسمارٹ فون کو ٹوٹنے سے بچا سکتی ہے (فوٹو: بشکریہ فلپ فرینزل)

مہنگا اور قیمتی اسمارٹ فون ہاتھ سے چھوٹ کر گرنا ایک خوفناک لمحہ ہوتا ہے لیکن ایک جرمن طالب علم نے نہایت کم خرچ طریقے سے مہنگے فون کو گرنے کی صورت میں ٹوٹ پھوٹ سےبچانے والا ایک ’ایئر بیگ‘ نما آلہ تیار کرلیا۔

جرمنی کی آلین یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم فلِپ فرینزل نے ’ایڈکیس‘ نامی ایک اسمارٹ نظام بنایا ہے جو موشن سنسر کے تحت کام کرتا ہے۔ جیسے ہی آپ کا فون ہاتھ سے پھسل کر گرتا ہے ایڈکیس کا نظام متحرک ہوجاتا ہے اور فون کے چاروں کناروں سے میز کی طرح ابھار نکل آتے ہیں جو فون کو براہِ راست زمین سے ٹکرانے سے روکتے ہیں۔ یہ نظام عین کار میں لگے ایئر بیگ کی طرح کام کرتا ہے۔

فلپ کو جرمن سوسائٹی آف میکاٹرونکس کی جانب سے ایڈ کیس پر بہترین ایوارڈ دیا گیا ہے۔ فلپ فرینزل کے مطابق اس میں لگے سنسر حرکت محسوس کرنے میں اتنے حساس ہیں کہ ہاتھ سے موبائل گرتے ہی وہ بھانپ لیتے ہیں کہ اب یہ زمین پر ہی گرے گا۔

اس دوران فوری طور پر چاروں کونوں سے خاص مڑے ہوئے پلاسٹک کے نوک دار ٹکڑے نکلتے ہیں۔ یہ کونے اسپرنگ کی مدد سے اندر دبے رہتے ہیں اور گرنے سے پہلے باہر نکل آتے ہیں۔

اگرچہ ایڈ کیس فروخت کے لیے دستیاب نہیں لیکن اسے میڈیا پر بے حد سراہا گیا ہے۔ فی الحال یہ سہولت صرف آئی فون کے سارے ماڈلز کے لیے ہے لیکن فلپ اسے دیگر ماڈلز کے لیے بھی ڈیزائن کررہے ہیں۔ جولائی میں وہ اس کے لیے کِک اسٹارٹر مہم چلاکر چندہ جمع کریں گے اور اس کے بعد ہی اس کی تجارتی تیاری سامنے آئے گی۔

فلپ نے تھری ڈی پرنٹر کے ذریعے اس کے تمام حصے بنائے ہیں اور بار بار استعمال کرنے پر اس میں بہت کامیابی ملی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ایئربیگ سے فون کی خوبصورتی پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔