فیفا ورلڈ کپ: فرانس کے 19 سالہ مباپے نے میسی کی ارجنٹینا کا سفر ختم کردیا


مباپے

فرانس کے 19 سالہ کلیئن مباپے نے دو گول کیے

روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ کے پہلے پیچ میں فرانس نے ارجنٹینا کو چار تین سے شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کر دیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان بہت تیز کھیلا گیا اور فرانس کے 19 سالہ کلیئن مباپے نے دو گول کیے۔

میسی کی ارجنٹینا نے ایک مرحلے میں دو ایک سے برتری حاصل کر لی تھی لیکن فرانس کی جانب سے 11 منٹ میں دو گولوں نے ارجنٹینا کو دوبارہ دباؤ میں ڈال دیا۔

ارجنٹینا کو میچ کے آخری سیکنڈز میں گول کرنے کا ایک موقع ملا کہ وہ چار چار سے برابر کر لے لیکن وہ اس میں ناکام رہی۔

ارجنٹینا نے کئی کوششیں کیں لیکن جواب میں فرانس کا جوابی حملے ان کو پانچویں گول کے قریب لے آتا تھا۔

میسی

فرانس کے بارے میں پہلے راؤنڈ کے دوران کہا جا رہا تھا کہ ٹیم اچھا نہیں کھیل رہی اور یہ ٹیم ناک آؤٹ راؤنڈ میں بڑی ٹیموں کا کیسے مقابلہ کرے گی۔ لیکن آج کے میچ میں فرانس نے جواب دے دیا ہے کہ وہ دیگر ٹیموں کا مقابلہ نفاست، ہوشیاری، اور موثر طریقے سے کرے گی۔

روسی شہر کزان میں دو ٹیموں کا ورلڈ کپ کے سفر کا اختتام ہوا ہے پہلے دفاعی چیمپیئن جرمنی اور اب ارجنٹینا۔

کلیئن مباپے نے ارجنٹینا کے خلاف ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں اپنے آپ کو فٹ بال کی دنیا میں متعارف کرایا ہے۔

اگرچہ اس میچ سے قبل پوری توجہ میسی پر تھی لیکن کلیئن مباپے کی شاندار کارکردگی نے میسی سے توجہ ہٹوا کر اپنے آپ پر کرائی جو کہ کافی عرصے تک یاد رکھی جائے گی۔

ارجنٹینا کی شکست نے میسی اور ارجنٹینا کے مینیجر سیمپولی کے کریئر پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp