بیگم نے تین ہفتوں میں مجھے بوڑھا ہوتے دیکھا؛ عمران خان


پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ٹکٹ دینے کا مرحلہ عذاب تھا۔ ٹکٹوں کے معاملے پر بیگم نے تین ہفتوں میں مجھے بوڑھا ہوتے دیکھا۔ آئندہ پارٹی الیکشن لڑ کر آنے والی خواتین کو مخصوص نشستوں کا ٹکٹ دیں گے۔

ہفتہ کو اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آج ہماری جتنی تیاری ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔ عمران خان نے کہا کہ الیکشن لڑنے کا پہلا اصول یہ ہے کہ مخالف امیدوار کو کبھی کمزور نہ سمجھا جائے۔ عمران خان نے کہا کہ 4000 ہزار لوگوں نے پارٹی ٹکٹ کیلئے اپلائی کیا تاہم ابھی تک صرف 650 لوگوں کو ٹکٹ جاری کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم ایسا کام تھا جسے کرنے سے بیگم نے تین ہفتوں میں مجھے بوڑھا ہوتے دیکھا۔ ٗکئی اچھے امیدوار تھے مگر کسی ایک کو ٹکٹ دینا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ٹکٹ دینے میں بڑے عذاب سے گزرا، کبھی ایسے عذاب سے نہیں گزرا، خواتین کیلئے مخصوص نشستوں کے ٹکٹ جتنا بڑا عذاب تھا، میں دوبارہ اس میں نہیں پڑنا چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں جو بھی کرتے، لوگوں نے مایوس ہونا تھا، کچھ ناراض لوگ میرے گھر آئے، بعض نے میڈیا پر بیانات دئیے۔