چیف جسٹس شیخ رشید کے کہنے پر راولپنڈی ہسپتال گئے، کیا یہ انتخابی دھاندلی نہیں؟ صحافی کا سوال
چیف جسٹس پاکستان نے راولپنڈی میں زچہ و بچہ ہسپتال کے دورے کے بعد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچ گئے۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کے دورے کے دوران صحافی نے سوال کیا ”آپ ایک امیدوارکے کہنے پر راولپنڈی ہسپتال گئے کیا یہ قبل ازوقت دھاندلی نہیں؟“ اس کے جواب میں چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ میں نے دورہ راولپنڈی کسی کے کہنے پرنہیں کیا، شیخ رشید نے راولپنڈی آنے کا نہیں کہا، میں ہسپتالوں کو بہتر بنانے کا مقصد لے کر نکلا ہوں۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ میں نے کسی کی انتخابی مہم کا ٹھیکہ نہیں اٹھایا، یہ تاثرغلط ہے کہ شیخ رشید کی دعوت پر راولپنڈی گیا، میڈیا اس منفی تاثر کو زائل کرے۔ واضح رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے آج دوران سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار سے ہسپتال کے دورہ کی درخواست کی تھی۔
قبل ازیں چیف جسٹس آف پاکستان نے راولپنڈی میں زچہ وبچہ ہسپتال کا دورہ کیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی آمد کا سن کر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی ہسپتال پہنچ گئے اور اندر جانے کی کوشش کی تو سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روک لیا۔ تاہم بعد میں سکیورٹی اہلکاروں نے شیخ رشید کو اندر جانے کی اجازت دے دی۔


