بلاول بھٹو کی لیاری میں انتخابی ریلی پر حملہ
لیاری کے علاقے بہار کالونی میں علاقہ مکینوں نے بلاول بھٹو کی انتخابی ریلی کا راستہ روک لیا۔ مظاہرین نے پی پی مخالف نعرے بازی کی، قافلے پر پتھرائو کیا اور ایک گاڑی کے شیشے توڑ دیے۔ علاقے کی خواتین چھتوں پر چڑھ کر خالی مٹکے بجاتی رہی۔ مظاہرین نے بلاول کے قافلے کو 40 منٹ سے زائد وقت تک روکے رکھا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق علاقہ مکینوں نے پارنی کی قلت پر احتجاج کیا ،اس دوران بلاول کے قافلے میں شریک افراد اور مظاہرین نے جھگڑا بھی ہوا ،جس میں ایک جیالا زخمی ہوا جسے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو جس گاڑی میں سوار تھے اسے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ڈرائیو کررہے تھے ،انہوں نے انتخابی ریلی کا روٹ تبدیل کیا اور مختلف گلیوں سے گاڑی نکال کر لے گئے ۔
بلاول بھٹو جو این اے 246 لیاری سے پی پی کے نامزد امیدوار بھی ہیں ،انہوں نے الیکشن مہم اپنے حلقے سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا ،وہ اسی سلسلے میں قافلے کی شکل میں بہار کالونی پہنچے تھے جہاں انہیں احتجاج کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری کی لیاری میں جاری ریلی کے سامنے علاقہ مکینوں کے احتجاج پر پیپلز پارٹی کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔ سابق رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے احتجاج کو 20، 25 لڑکوں کی ٹولی کہا تو سابق رکن سندھ اسمبلی سعید غنی نے کہا کہ انہیں کچھ شرپسند قرار دیا۔ بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ تشدد کی سیاست کرنے والے بلاول بھٹو کو خوفزدہ نہیں کرسکتے۔ ہم تشدد کا جواب سیاسی عمل سے دیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور رینجرز اپنی ذمہ داری ادا کریں، الیکشن کمیشن واقعے کا نوٹس لے اور رکاوٹوں کے خاتمے کی ہدایت دے۔ تشدد پر یقین رکھنے والے عناصر کو نہ روکا گیا تو کشیدگی کی ذمہ دارانتظامیہ ہو گی۔
نبیل گبول نے لیاری کے مکینوں کے احتجاج پر کہا کہ 20 سے 25 لڑکوں نے بلاول کا قافلہ روکنے کی کوشش کی۔ یہ لڑکے مخالف جماعت سے تعلق رکھتے ہیں ، بلاول بھٹو پورے علاقے کا دورہ کریں گے، رکیں گے نہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ کچھ شرپسند عناصر نے گاڑی پر پتھرائو کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو آگے جانا چاہتے تھے لیکن اس کے لئے بدنظمی نہیں چاہتے تھے۔


