انسانوں کی اس بدبو کو کون ختم کرے گا؟


ضیغم صاحب نے بتایا تھا کہ ہر ایک انسان کے ہاضمے کے نظام میں مختلف قسم کے بیکٹیریا ہوتے ہیں۔ جس طرح انگلیوں کے نشان اور آنکھوں کی پُتلیاں مختلف ہوتی ہیں اسی طرح سے ہر ایک کے نظامِ ہاضمے کے بیکٹیریا بھی مختلف ہوتے ہیں۔ ہر انسان کے نظام ہاضمہ میں بیکٹیریا مختلف انداز سے عمل کرتے ہیں، مختلف قسم کے بیکٹیریا کی وجہ سے بننے والی گیس بھی تھوڑی سی مختلف ہوتی ہے اور ان کی بدبو بھی مختلف ہوتی ہے۔ پھر انہوں نے بڑے فلسفیانہ انداز میں ہاتھوں کو مَلتے ہوئے کہا کہ انسان تو خود پسند ہوتا ہے، اسے اپنی بدبو بھی اچھی ہی لگتی ہے، جس دن وہ اپنے اندر کی بدبو ختم کرے گا اسی دن اسے مکتی ملے گی۔ ہم دونوں بڑی دیر تک ہنستے رہے تھے۔

ہم دونوں نے شیمپئن کی چسکیاں لینی شروع کیں اور ساتھ ساتھ ضیغم صاحب نے وائن کی مختلف اقسام پر ایک تقریر بھی کرڈالی۔ اب تو زیادہ تر یورپ سے ہی انگور کی بیٹیوں کو مختلف قسم کی خوبصورت بوتلوں میں بھر کر ساری دنیا میں بیچا جاتا ہے، وگرنہ ایک زمانہ تھا کہ ہم لوگوں سے اچھی وائن کوئی بنا ہی نہیں سکتا تھا۔ بھئی مغلوں نے کیے ہیں بہت سارے اُلٹے سیدھے اچھے برے کام مگر شراب کی ترقی کے لیے بھی بہت کچھ کیا ہے۔ بابر، ہمایوں پھر اکبر کے لیے ہرات کے انگوروں کے باغات میں خاص قسم کی وائن بنائی جاتی تھی اور بحفاظت جنگ اور امن کے زمانے میں انہیں پہنچائی جاتی تھی۔ کوئی تو وجہ تھی کہ مرزا غالب بھی اس کے اسیر تھے اور ببانگ دہل پیتے تھے اور پلاتے بھی تھے۔ یہ کہہ کر انہوں نے اپنے گلاس میں مزید شیمپئن انڈیل لی تھی۔ ان کے چہرے پر ایک خاص قسم کی بشاشت امنڈ آئی تھی۔ اب پئیں گے سوپ جم کر انہوں نے میری طرف دیکھتے ہوئے کہا تھا۔

میں نے بادام، اخروٹ اور نمکین مونگ پھلی کے چھوٹے کٹورے ان کی طرف بڑھائے اور سوپ بنانے کے لیے باور چی خانے کی طرف چلا گیا۔

دو پیالوں میں سوپ اور سوپ کے ساتھ لہسن اور مکھن ملی ہوئی روٹی لے کر میں بیٹھک میں پہنچا تو دیکھا کہ انہوں نے ٹیبل کے اوپر کاغذوں کا ایک جال بچھایا ہوا تھا۔ خالی بوتل اور خالی گلاس زمین پر کسی دھتکاری ہوئی طوائف کی طرح پڑے ہوئے تھے۔ تو مسئلہ حل ہوگیا ضیغم صاحب میں نے تجس سے سوال کیا تھا۔

بالکل حل ہوگیا ہے۔ چار سال لگ گئے اس مسئلے کوحل کرنے میں لیکن اب معاملہ بالکل صاف ہوگیا ہے۔ انہوں نے جواب دیا۔ میں نے سوپ کا پیالہ ان کی طرف کھسکا کر انہیں سوالیہ نظروں سے دیکھا۔

پہلے تو میں نے ایک کیپسول بنایا جس میں خوشبودار ہوا بھردی تھی۔ میرا خیال تھا کہ یہ کیپسول نظام ہاضمہ سے گزرتے ہوئے جب آخری حصے میں پہنچیں گے تو تحلیل ہوجائیں گے اور کیپسول سے نکلنے والی خوشبودار ہوا نظام ہاضمہ کے گیس کو خوشبودار بنادے گی۔ یہ کیپسول کا تجربہ کامیاب تو تھا مگر اس میں قباحت یہ تھی کہ کیپسول آخری حصے میں جانے سے پہلے ہی تحلیل ہوجاتے تھے اور خوشبودار ہوا اپنی خاصیت برقرار نہیں رکھ سکتی تھی۔ انہوں نے اپنے پہلے تجربے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا۔ دوسرا مسئلہ یہ تھا کہ دن بھر میں چار کیپسول کھانے پڑتے تھے عام لوگوں کے لیے روزانہ چار کیپسول کھانا ذرا مشکل ہے۔ اس قسم کی چیزیں استعمال میں آسان ہونی چاہئیں لہٰذا میں نے اس کا بھی توڑ نکال لیا ہے۔ انہوں نے سوپ کا ایک بڑا گھونٹ اور لہسن والی روٹی کا ٹکڑا منہ میں لیتے ہوئے کہا۔

اب میں نے ایک دوسرا طریقہ کار استعمال کیا ہے۔ اور ایک ایسی گولی بنانے میں کامیاب ہوگیا ہوں جس کے اجزا نظام ہاضمہ سے گزر کر آخری حصے میں بیکٹیریا کے علاقے میں پہنچتے ہیں تو مقامی طور پر کیمیائی عمل ہوتا ہے اور خوشبو خارج ہوتی ہے جو پہلے سے موجود گیس کو اپنے میں تحلیل کرلیتی ہے اور خارج ہونے والی گیس سے بدبونکل جاتی ہے۔ ان کے چہرے پر سرخی اور مسکراہٹ پھیلی ہوئی تھی۔

یہ توزبردست کام ہوگیا ہے۔ میں نے ان کی طرف بڑے فخر وغرور سے دیکھا، ارے ہنگامہ ہوجائے گا ضیغم صاحب ہنگامہ ہوجائے گا۔ کسی نے سوچا بھی نہیں ہوگا کہ ایسا بھی ہوسکتا ہے۔ یہ تو آپ کا ذہن زرخیز ہے جس نے اس عام عمل کو ایک مسئلہ سمجھ کر اس کا حل نکال لیا ہے۔ میں شیمپئن کے سرور میں اس ایجاد کے بارے میں سوچ سوچ کر محظوظ ہورہا تھا۔

ایک بات اور ہے وہ یہ کہ اس وقت میں نے چار قسم کی گولیاں بنائی ہیں جو مختلف قسم کی خوشبوئیں مہیا کریں گی یعنی ان خوشبوؤں کا فلیور بھی جدا جدا ہوگا، فی الحال تربوز، کیلا، آم اور امرود کا فلیور ہے یعنی جس قسم کی گیس خارج کرنی ہو اس قسم کی گولی کا استعمال کریں اور جس محفل میں جانا ہو جتنا بھی کھانا ہو بغیر کسی خوف کے کھایا پیا جاسکتا ہے۔ یہ کہہ کر انہوں نے چار مختلف رنگوں کی آٹھ گولیاں دیں کہ میں انہیں اپنے استعمال میں لاؤں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اب تم ان گولیوں کی تجارت کے بارے میں بھی سوچو کہ کس طرح سے ان کوفروخت کے لیے عام کیا جائے۔

میں نے ان سے کہا کہ میں آج ہی یہ گولی استعمال کروں گا اور کل ہی پروکٹر گیمبل اور لیوربرادرز سے رابطہ کرکے پتہ کروں گا کہ وہ لوگ اس معاملے میں کتنی دلچسپی رکھتے ہیں۔ مجھے فوراً ہی اندازہ ہوگیا تھا کہ دنیا کی یہ معروف کمپنیاں ضرور اس معاملے میں دلچسپی لیں گی اور ہم ان کے ساتھ مل کر خوشبو کے اس کاروبار میں دولت کما سکیں گے۔ ضیغم صاحب نے کبھی بھی دولت کمانے میں دلچسپی کا اظہار نہیں کیا تھا، وہ اپنی زیادہ تر آمدنی فلاحی کاموں میں ہی خرچ کردیتے تھے۔ مجھے اندازہ تھا کہ بدبودور کرنے والی اس دوا سے ہونے والی آمدنی بھی کسی اچھے کام میں ہی خرچ ہوگی۔

میں نے برتن اُٹھائے اور چائے بنانے کے لیے چلا گیا۔ ضیغم صاحب نے اپنا سگریٹ سلگالیا تھا۔ چائے بنا کرمیں واپس آیا تو کمرے میں آم کی بھینی بھینی خوشبو پھیلی ہوئی تھی۔ انہوں نے مجھے بڑے فخر سے دیکھا۔ تجربہ یقینی طور پر کامیاب ہوگیا تھا۔

پروکٹر گیمبل اور لیوربرادرز دونوں کے نمائندوں نے فون پر نہایت سنجیدگی سے میری بات سنی اور دوسرے دن صبح پروکٹر گیمبل اور دوپہر کو لیور برادرز کے آفس میں ان کے نمائندوں سے ملاقات طے ہوگئی تھی۔ میں نے اس دن اپنے وکیل دوست خالد سے دو اہم معاہدے بنوائے جس کے مطابق پروکٹر گیمبل اور لیوربرادرز اس بات کے پابند تھے کہ وہ ہماری گفتگو کو راز میں رکھیں گے۔ اس کے علاوہ ضیغم صاحب اور ان کے درمیان معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں اس سلسلے کی معلومات کو اپنے تک محدو رکھیں گے۔ وکیل کے ذریعے ہی میں نے اس نئی ایجاد کی رجسٹریشن حکومت میں کرانے کے لیے درخواست اور فیس جمع کرادی تھی۔ میرے وکیل دوست نے کہا تھا کہ اب میں بے فکری کے ساتھ اس ایجاد کے بارے میں بات چیت کرسکتا ہوں۔

دونوں جگہوں پر ضیغم صاحب اور میری بہت زیادہ پذیرائی ہوئی۔ ان کا خیال تھا کہ یہ ایک زبردست ایجاد ہے جس کی سخت ضرورت ہے۔ ان کا یہ بھی خیال تھا کہ دنیا میں اربوں روپوں میں فروخت ہونے والی خوشبوؤں کے مقابلے میں یہ پروڈکٹ بھی بہت جلدبازار میں اپنی جگہ بنالے گی۔ ان کی باتوں سے اندازہ ہوگیا تھا کہ اس دوا کی کھپت ساری دنیا میں ہوگی اور خوب ہوگی۔

مجھے تو اندازہ ہی نہیں تھا خوشبوؤں اور عطر کے کاروبار میں کتنا کچھ لگا ہوا ہے۔ عورتوں کے لیے سینکڑوں قسم کی خوشبوؤں کی شیشیاں مہیا ہیں جن میں سے کچھ کی قیمتیں دس ہزار ڈالر تک بھی ہیں۔ امیربل میجسٹک نام کی پرفیوم کی چھوٹی سی شیشی کی قیمت بارہ ہزار چھ سو ننانوے ڈالر ہے۔ عام طورپر سو ڈالر سے کم کسی بھی پرفیوم کو بہت معمولی قرار دیا جاتا ہے۔ دنیا بھر کے ایئرپورٹ پر ہر سال کروڑوں خوشبوؤں کی بوتلیں بیچی جاتی ہیں۔

اسی طرح سے مردوں کے لیے بنائی گئی خوشبوئیں بھی ہیں میں جو اتنے زیادہ مہنگے تو نہیں ہیں لیکن بہت سستے بھی نہیں ہیں، مجھے یہ بھی پتہ چلا کہ ہند و پاکستان میں عطر کے کاروبار میں کتنا منافع ہے۔ ساری عرب دنیا اور خاص طور پر سعودی عرب میں عطر کا بہت بڑا کاروبار ہے۔ بڑی بڑی دکانوں میں عطر کی سیکڑوں اقسام ملتی ہیں، مزاروں اور مقدس جگہوں پر جانے سے پہلے زائرین عطر خریدتے ہیں، استعمال کرتے ہیں اور دوستوں رشتے داروں کے لیے تحفے کے طور پر لے جاتے ہیں۔ لوگ خوشبو پھیلانے پر کتنا پیسہ خرچ کرتے ہیں۔ ہم دونوں کو اس بارے میں کوئی اندازہ نہیں تھا۔ خوشبو کا کاروبار اربوں روپوں کا کاروبار تھا اور اب ہم دونوں کو اس بات کا اندازہ ہوگیا تھا کہ ہم دونوں ہی بہت جلد بہت امیر ہونے والے ہیں۔

پھر ہم دونوں مالدار بھی ہوگئے۔ خوشبو بنانے والی ایک فرانسیسی کمپنی سے ہمارا معاہدہ ہوگیا۔ پہلے ہی مرحلے پر ہمیں اتنی رقم مل گئی تھی کہ ہم دونوں نے اپنے مکان، اپنے غریب رشتہ دار کو مفت میں دیدیے اور شہر کے اچھے قیمتی علاقے میں دو چھوٹے مگر عملی اپارٹمنٹ لے کر پڑوسی بن گئے۔

بہت جلد ساری دنیا میں یہ گولیاں مختلف ناموں اور مختلف خوشبوؤں کے ساتھ ملنا شروع ہوگئی تھیں۔ اخبارات، ٹیلی ویژن، سوشل میڈیا پر زبردست قسم کی اشتہاربازی نت نئے طریقوں سے کی جارہی تھی۔ ایسا لگتا تھا کہ ساری دنیا سے بدبودار گیس کاخاتمہ کردیا جائے گا۔ گیس سے بدبو ختم کرنے والی گولیاں مختلف سائز، ڈیزائن اور مختلف طریقوں سے بازار میں فروخت کی جارہی تھیں۔ امیر لوگوں کے لیے قیمتی بوتلوں اور مختلف قسم کی شیشیوں میں گولیاں دستیاب تھیں۔ گولیوں کے پتّے بھی ملنے لگے تھے۔ یہاں تک کہ بچوں کے لیے بھی خوشنما قسم کے پتّے اور چھوٹی شیشیاں مہیا کردی گئی تھیں۔

تحریر کا بقیہ حصہ پڑھنے کے لئے ”اگلا صفحہ“ کا بٹن دبائیں


صفحات: 1 2 3