انسانوں کی اس بدبو کو کون ختم کرے گا؟
اس کمپنی نے پہلا نعرہ ہی بہت اچھا بنایا تھا۔ ”اب خوشبو ہی خوشبو ہے‘‘ کے بنیادی نعرے سے تجارتی مہم کا آغاز ہوا اور مہم زور پکڑتی جارہی تھی۔ کمپنی نے دنیا کے بہت سے ملکوں میں کارخانے لگانے شروع کردیے تھے اور ملکوں کے تمدن و ثقافت کے مطابق گولیاں تیار کی جارہی تھیں اور ان کے بارے میں اشتہار بازی کی جارہی تھی۔
پہلی دفعہ گیس کی بدبو سے متعلق اخبار اور ٹیلی ویژن پر اشتہارات دکھائے جارہے تھے۔ ایک اشتہار جو بہت کامیاب ہوا تھا اس میں ایک بھری ہوئی بس میں مسافر اپنے ناک پر رومال رکھے ہوئے تھے جبکہ دوسری بس میں بس کا کنڈیکٹر ٹکٹ کے ساتھ گولیاں بھی دے رہا تھا اور سارے مسافر ہنستے مسکراتے سفر کرتے ہوئے نظر آرہے تھے۔
اشتہاری اداروں نے ان گولیوں کو مقبول بنانے میں زبردست کردار ادا کیا تھا، ان کا خیال تھا کہ بہت جلد دنیا کا ہر خاندان اپنی معمول کی خریداری میں ان گولیوں کوبھی خریدا کرے گا۔
پاکستان میں مذہبی اجتماعات میں عطر کے ساتھ یہ گولیاں بھی دیدہ زیب پیکنگ میں دستیاب تھیں۔ بڑے بڑے ہوٹلوں میں، کمروں میں یہ گولیاں مفت میں فراہم کی جارہی تھیں۔ ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ گولیاں اس طرح سے مقبول ہوجائیں گی۔ یہ بات سامنے کی تھی کہ انسان کہیں کا بھی تھا کسی بھی رنگ کا تھا اسے گیس کی بدبو کو ختم کرنے کی خواہش ضرور تھی۔
ہر سال ہم دونوں کی آمدنی میں کئی کئی گنا اضافہ ہوتا جارہا تھا کیونکہ بدبوکش گولیاں دنیا کے ہر حصے میں مقبولیت حاصل کرتی جارہی تھیں۔ ہمیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ معمولی سی یہ ایجاد دنیا میں اتنی بڑی تبدیلی لے کر آئے گی کہ سماج میں یہ گولیاں اہم ضرورت بن کر رہ جائیں گی۔ ہمیں یہ بھی اندازہ نہیں تھا کہ یہ ایجاد اس طرح سے ہمیں ملک کے چند امیر ترین لوگوں کی صفوں میں لاکھڑا کرے گی۔
اس ایجاد کو سات سال سے زیادہ عرصہ گزرچکا تھا۔ میری اور ضیغم صاحب کی دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہوتی گئی۔ وہی ہمارا رہن سہن کا طریقہ وہی تھا سوائے اس کے کہ ہمارے میخانے میں شراب کی ہر قسم مل جاتی تھی اب ہم دونوں اپنے چھوٹے مکانوں کے بجائے آرام دہ ترین اپارٹمنٹ میں رہ رہے تھے۔ ابھی بھی ہم دونوں اپنی کثیر آمدنی اچھے کاموں پر خرچ کررہے تھے۔ میرے اکاؤنٹ میں اچھی خاصی رقم تھی مگر ضیغم صاحب کا حال وہی پرانا تھا۔ انہوں نے دولت کے باوجود پڑھنا لکھنا اور سوچنا نہیں چھوڑا تھا۔ اکثر و بیشتر بے پناہ دولت سب سے پہلے انسان کے سوچنے کے عمل پر ہی حملہ آور ہوتی ہے اور آہستہ آہستہ اسے خودغرض اور اپنی دنیا سے بیگانہ بنادیتی ہے وہ کسی اور دنیا کا باسی بن جاتا ہے۔
ضیغم صاحب کے فارمولے کے تحت ہم دونوں ہی اپنی دولت کا بہت بڑا حصہ خاموشی کے ساتھ مختلف تعلیمی اداروں کو دے رہے تھے۔ نہ مجھے اور نہ ہی انہیں اس بات کا شوق تھا کہ ہماری پذیرائی کی جائے۔ ہم اپنی پسند کے اسکولوں، کالجوں میں خود ہی جاتے تھے اور ہر ایک کو خطیر رقم اس شرط پر کہ کسی کو پتہ نہ چلے امداد فراہم کررہے تھے۔
ضیغم صاحب ابھی بھی اسی طرح اپنے بائیو کیمسٹری کے فارمولوں میں الجھے رہتے اور اسی طرح سے بغیر بتائے رات کومیرے گھر پہنچ جاتے اور ہم لوگ گھنٹوں بیٹھ کرشرابیں پیتے، دنیا کے مسائل پر فلسفیانہ بحث کرتے اور حیران ہوتے، دولت کی وجہ سے ہم دونوں نے دنیا کے کئی ممالک کی ساحت کی تھی، امیر ملکوں کی عیاشی دیکھی تھی اور غریب ملکوں کی اُداسی پر روئے بھی تھے۔ میں بھی اسی طرح سے کام کررہا تھا اور ہم دونوں کی دوستی کو دولت کی فراوانی اور شراب کی مختلف اقسام نے ابھی تک کوئی نقصان نہیں پہنچایا تھا۔
اس دن بھی وہ رات گیارہ بجے آگئے اور میں نے ان کی تواضح ان کی پسندیدہ جیک ڈینئل کی نئی بوتل سے کی تھی۔
وہ بتارہے تھے کہ وہ ایک ایسی گولی ایجاد کرنا چاہ رہے ہیں جس کا اخراج پسینے کے ذریعے سے ہو جو پسینے کو بھی خوشبودار بنائے۔ میں ان کے اس اچھوتے اور نئے خیال پر اچھل پڑا اور سوچنے لگا تھا کہ اتنی دولت کا ہم کریں گے کیا؟ یہ تو زبردست بات ہوگی ضیغم صاحب۔ میں نے ایک بڑا گھونٹ حلق سے اتارتے ہوئے کہا مگر سوال یہ ہے کہ اتنی دولت کا کریں گے کیا ہم لوگ۔
وہ ہنس دیے اور ہنس کر اپنی انگلی میرے سامنے لہراتے ہوئے بولے، لیکن یار یہ خوشبو وغیرہ تو ٹھیک ہے، یہ دولت بھی اچھی ہے، مغرب سے مشرق اور شمال سے جنوب تک کی سیاحت بھی بہت خوب مگر دل ہے کہ بھاری ہی ہوا جاتا ہے۔ جیک ڈینیل، شیوزریگل اور نہ جانے کیا کیا پینے کے باوجود بوجھ کم نہیں ہوتا ہے۔ بے ہوش ہوتا ہوں تو بوجھ ہوتا ہے، ہوش میں ہوتا ہوں تو سوچتا رہتا ہوں۔
یہ تو آپ کی پرانی عادت ہے ضیغم صاحب۔ میں نے ان کا جام بھرتے ہوئے کہا تھا، آپ تو ہر وقت ہی سوچتے رہتے ہیں آپ کی سوچ کی وجہ سے ہی تو ہم دونوں اس قابل ہیں کہ یہ سب کچھ اچھا برا کرسکیں میں نے دیکھا کہ ان کے چہرے پر نشے کی کیفیت کے ساتھ سنجیدگی کا بھی سایہ تھا، وہی سنجیدگی جو شراب کے باوجود ان پر طاری رہتی تھی۔
کتنی محنت کرتے ہیں ہم لوگ اپنے باہر اور اندر کی بدبو کوخوشبو میں بدلنے کے لیے۔ عورتیں مرد بچے بوڑھے جوان سب لوگ ہر نسل کے، ہر زبان بولنے، ہر مذہب کے ماننے والے، مختلف نظریات کے پرچار کرنے والے ایک براعظم سے دوسرے براعظم تک پیسے خرچ کررہے ہیں تاکہ یہ بدبوچھپائی جاسکے۔ اسے ختم کردیا جائے، کبھی عطر لگا کر، کبھی لوبان اور اگربتیاں جلا کر، سوکھے پتوں کی دھونی بنا کر اور ایک طرح سے دیکھا جائے تو ہم نے ختم ہی کردیا ہے۔ ختم کردیا ہے نا بدبو کو؟ انہوں نے سوال کیا تھا۔
بالکل کردیا ہے ضیغم صاحب۔ میں نے جیک ڈینیل کی ماتحتی میں سرہلاتے ہوئے کہا۔
انہوں نے میری طرف سے غورسے دیکھا، پھر آہستہ آہستہ بولے، مگر یار یہ تو بتاؤ کہ یہ جو جہالت کی بدبو ہے، غربت کی بدبو ہے، نا انصافی کا تعلق ہے، جنگوں کی سڑانڈ ہے، لڑکیوں کی پامالی کی بدبوہے، ظلم وجبر کی بدبو ہے، قتل وغارت گری کی بدبو ہے، بارود کی بدبو ہے، ننھے ننھے بھیک مانگتے بچوں کی بدبو ہے، اس کا خاتمہ کیسے ہوگا، کب ہوگا، اس بدبو کو کون ختم کرے گا؟
ان کا گلاس خالی تھا اور آنکھوں میں درد بھرا ہوا تھا۔

