آج دنیا بھر میں خلائی مخلوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے


ہر برس دو جولائی کو خلائی مخلوق کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن منانے کا مقصد یہ ہے کہ عوام میں خلائی مخلوق کے بارے میں آگہی پیدا کی جائے نیز ریاستوں کو آمادہ کیا جائے کہ خلائی مخلوق کے بارے میں معلومات کو دستاویزی شکل دی جائے۔

واضح رہے کہ دنیا کے بعض ممالک میں یہ دن 24 جون کو بھی منایا جاتا ہے کیونکہ امریکی ہواباز کینتھ آرنلڈ نے 24 جون 1947 کو واشنگٹن کے قریب جہاز اڑاتے ہوئے پہلی بار کم از کم نو نامعلوم اجسام کی فضا میں موجودگی کی اطلاع دی تھی۔ تاہم 2 جولائی 1947 کو امریکی ریاست نیو میکسیکو کے قصبے روزویل کے قریب اڑن طشتری نما کوئی شے زمین سے آ ٹکرائی۔ ابتدائی طور پر امریکی حکومت نے اس معاملے کو نامعلوم غبارے کے حادثے کا نام دیا تاہم 1970 کی دہائی میں خلائی مخلوق کی موجودگی میں یقین رکھنے والے افراد کی طرف سے متعدد قیاس آرائیوں کے بعد امریکی حکومت نے بالآخر تسلیم کر لیا کہ 2 جولائی 1947 کو روزویل قصبے میں زمین سے ٹکرانے والا آلہ امریکی فوج کے جاسوسی منصوبے "مغل” کا حصہ تھا۔