پی ٹی ایم نے علی وزیر، محسن داوڑ اور عصمت شاہ جہاں سمیت آٹھ رہنماؤں کو کور کمیٹی سے خارج کر دیا


پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا اور سابق فاٹا میں پشتون نوجوانوں کی سرگرم مزاحمتی تحریک پشتون تحفظ تحریک (پی ٹی ایم) نے اپنے آٹھ اہم رہنماؤں کو انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے کے بعد کور کمیٹی کی رکنیت سے فارغ کردیا ہے۔

پی ٹی ایم کے ایک سرکردہ رہنما ڈاکٹر سید عالم محسود نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ پی ٹی ایم کور کمیٹی کے آٹھ آراکین علی وزیر، محسن داوڑ، عبد اللہ ننگیال، محترمہ عصمت شاہ جہاں، رادیش ٹونی، حامد شیرانی، عبد الواحد اور جمال ملیار کو جولائی میں ہونے میں انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں لہذا انہیں کور کمیٹی سے نکال دیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پی ٹی ایم کے کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی سربراہی تحریک کے سربراہ منظور پشتین نے کی۔

نکالے جانے والے تمام ممبران خیبر پختونخوا، فاٹا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ پی ٹی ایم کور کمیٹی کئی ممبران پر مشتمل ہے۔

یاد رہے کہ پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین ابتدا سے ہی اس بات کو دہراتے رہے ہیں کہ ان کی تحریک مزاحمتی ہے جس کا پارلمیانی سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں اور نہ کبھی ان کے رہنماؤں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے گی۔ انھوں نے یہ وضاحت بھی کی تھی کہ جو پی ٹی ایم کا عہدیدار انتخابات میں حصہ لے گا وہ تحریک کا حصہ نہیں رہ سکے گا۔

ادھر پی ٹی ایم کے کور کمیٹی سے نکالے جانے والے رہنماؤں کی طرف سے انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے نے لوگوں کے ذہنوں میں کئی قسم کے شکوک و شبہات اور سوالات کو جنم دیا ہے۔

کیا پی ٹی ایم اصل مقصد سے ہٹ گئی؟

پی ٹی ایم ابتدا ہی اس بات پر زور دیتی رہی ہے کہ یہ ایک مزاحمتی تحریک ہے جس کا مقصد احتجاج اور دباؤ کے ذریعے سے اپنے اہداف کا حصول ممکن بنانا ہے جبکہ تحریک کسی حد تک اس مقصد میں کامیاب بھی رہی ہے۔ تاہم ان کے بعض چوٹی کے رہنماؤں کی طرف سے اچانک انتخابی سیاست میں آنے سے کئی قسم کے سوالات نے جنم دیا ہے۔

وزیرستان کے ایک صحافی نے کہا کہ پی ٹی ایم کی تحریک شاید اس وجہ سے تیزی سے مقبول ہوئی کیونکہ ایک تو ان کے مطالبات جائز ہیں اور دوسرا یہ آئین اور اصولوں پر چلنے والے لوگ تھے۔ انھوں نے کہا کہ تحریک کے اہم رہنماؤں نے انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے تحریک کے بنیادی ایجنڈے سے انحراف کردیا ہے لہذا ایسے میں لوگ اب طرح طرح کے سوالات تو اٹھائیں گے۔

ان کے مطابق بظاہر لگتا ہے کہ پی ٹی ایم سے نکالے جانے والے ممبران اس لیے تحریک میں موجود رہے تاکہ آنے والے الیکشن میں اس کا بھر پور فائدہ اٹھایا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ ‘جب ان عہدیداروں کو معلوم ہی تھا کہ پی ٹی ایم کے ایجنڈے پر پارلیمانی سیاست نہیں ہے تو پھر وہ کیوں اس کا حصہ رہے اور اب کیوں الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے اس تحریک کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کیا۔’

غدار اور ایجنٹ

پی ٹی ایم ابتدا ہی سے سکیورٹی اداروں اور فوج پر شدید تنقید کرتی رہی ہے جس پر کچھ لوگ اس کے کھل کر حمایت میں نکل آئے جبکہ اکثریتی افراد نے سکیورٹی اداروں کے خلاف نعرے بازی اور ان کی بدنامی کو ملک دشمنی سے تعبیر کیا۔

پشاور کے ایک سینئر صحافی نے کہا کہ ‘ملک کے غدار اور این ڈی ایس کے ایجنٹ کیسے اچانک راتوں رات محب وطن ہوئے اور پھر ان کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت بھی مل گئی جبکہ ایک مضبوط سیاسی جماعت کی طرف سے وزیرستان میں ان کے حق میں اپنا مضبوط امیدوار بھی دست بردار کروانا پڑا۔’

انھوں نے کہا کہ کون سیاسی طورپر اتنا نابلد ہوگا کہ اپنے ایک مضبوط امیدوار کو بغیر کسی فائدے کے ایک دوسرے امیدوار کے حق میں دست بردار کرا دے جبکہ اس جماعت کو یقین بھی ہو ان کی جیتنے کے امکانات زیادہ ہیں۔

درپردہ ‘معاہدہ’

اکثر لوگ یہ خیال ظاہر کر رہے ہیں کہ پی ٹی ایم کے بعص عہدیدار کسی ‘ ڈیل’ کے تحت انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جس کا بظاہر مقصد تحریک کو کمزور کرنا ہے۔ ان کے بقول اگر یہ نکالے جانے والے افراد جیت جاتے ہیں تو پھر حکومت کو انہی کے ذریعے سے تحریک کو کنٹرول کرنے میں آسانی ہوگی۔

یہ امر بھی اہم ہے کہ منظور پشتین بدستور پی ٹی ایم کے ایک مقبول رہنما سمجھے جاتے ہیں تاہم اس تحریک کو ایک مخصوص خط پر لانے والے کور کمیٹی کے ارکان اب اس کا حصہ نہیں رہے۔

خیال رہے کہ تقریباً تین ماہ قبل کراچی میں ہونے والے پی ٹی ایم کے جلسے کے بعد ملک بھر میں ان کے کارکنوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیوں کا آغاز کیا گیا اور ان کے کئی کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ۔ گرفتاریوں کا سلسلہ رمضان المبارک کے مہینے میں بھی جاری رہا۔

تاہم اس دوران حکومت اور پی ٹی ایم کے درمیان مسلسل مذاکرت کا سلسلہ بھی جاری رہا اور اس دوران یہ بھی طے پایا کہ تحریک کے کارکنوں کو رہائی اسی صورت میں ملے گی جب پی ٹی ایم مزید جلسوں کا انعقاد نہیں کرے گی جس کے بعد ان کے بیشتر کارکنوں کو رہا کردیا گیا تھا۔ بعد میں پی ٹی ایم نے رزمک میں ہونے والے ایک جلسے کو ملتوی کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔


بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp