نواز شریف اور مریم نواز کی ایک ہفتے میں وطن واپسی کا فیصلہ
مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے ایک ہفتے میں وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وطن واپسی کا فیصلہ سینیئر لیگی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا گیا اور وطن واپس آ کر دونوں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نواز شریف نے مختلف شہروں میں انتخابی مہم چلانے کے لیے انتظامات کی ہدایت بھی کی ہے۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز کی پہلے وطن واپسی کی تجویز بھی زیرغور ہے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا آج تفصیلی طبی معائنہ ہوگا اور سی ٹی اسکین بھی کیا جائے گا، جس کے بعد منگل (3 جولائی) کو نواز شریف کی ڈاکٹروں سے تفصیلی ملاقات ہوگی۔
ہارلے اسٹریٹ کلینک پہنچنے پر نواز شریف نے صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جلد جاؤں گا، بیگم کلثوم کی صحت میں بہتری کا انتظار ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ بیگم کلثوم کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں۔
اس موقع پر نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سیاست میں تشدد سے جلد جان چھڑانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف پر اظہار رائے کی آزادی ہونی چاہیے۔ سیاست میں تشدد کی غلط روایت کو کچھ لوگوں نے پروان چڑھایا۔ مریم نواز نے کہا کہ وہ بہت جلد پاکستان جائیں گی۔
خیال رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔


