مسلم لیگ (ن) کے رہنما ظفر علی شاہ نے تحریک انصاف میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا


عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری نے اپنے سسر ن لیگی رہنما ظفر علی شاہ کو تحریک انصاف میں شمولیت کے لئے تیار کر لیا، ظفر علی شاہ پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت پانچ جولائی کو کریں گے۔ ظفر علی شاہ کی شمولیت کی تقریب اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہو گی۔ جس میں عمران خان شرکت کریں گے۔

ظفر علی شاہ سینیٹ کا ٹکٹ نہ ملنے پر کافی عرصے سے ن لیگ کی قیادت سے نالاں تھے۔ پرویز مشرف اور بعد میں پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور حکومت میں مختلف نیوز چینلز پر مسلم لیگ ن کی نمائندگی کرتے رہے لیکن اپنے حقیقت پسندانہ اور بے لاگ موقف کے باعث وہ پارٹی کے بعض حلقوں میں ناپسندیدہ قرار دیئے جاتے تھے۔

بلدیاتی الیکشن کے موقع پر وہ اسلام آباد کی میئر شپ کے امیدوار بھی تھے لیکن وہ بلدیاتی انتخابات میں کامیاب نہ ہونے کے باعث اسلام آباد کے میئر نہ بن سکے۔ اس حوالے سے ان کی جانب سے یہ الزام لگایا گیا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے کچھ افراد نے ان کی شکست میں کردار ادا کیا تھا ۔