ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ چند دن محفوظ رکھنے سے انصاف کا کوئی تقاضا مجروح نہیں ہو گا: نواز شریف


نواز شریف

ماضی قریب میں عدالتوں کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے جتنے بھی مقدمات کا فیصلہ سنایا گیا وہ جمعے کو ہی سنایا گیا

پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اپنی اہلیہ کی بیماری کے پیش نظر وہ اپنے وکیل کے ذریعے اسلام آباد کی احتساب عدالت سے درخواست کر رہے ہیں کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنانے کے بجائے چند روز کے لیے محفوظ رکھا جائے۔

بدھ کو نواز شریف نے لندن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدالت سے درخواست کر رہے ہیں کہ ان کی اہلیہ کی بیماری کی انتہائی سنگین صورتحال کے پیش نظر اپنا فیصلہ محفوظ رکھے۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ روز ان کی اہلیہ کا آپریشن ہوا ہے اور ڈاکٹرز کو امید ہے کہ وہ کچھ دنوں تک خطرے کی حالت سے باہر آ جائیں گی اور ان کی خواہش ہے کہ پاکستان جانے سے پہلے ان کو ہوش میں دیکھ لیں۔

’میں نے جولائی 2017 سے لے کر اب تک ہر طرح کے فیصلوں اور یکطرفہ کارروائیوں کا سامنا کیا ہے، سارا پاکستان ہی نہیں ساری دنیا میرے خلاف بنائے گئے مقدمات کی نوعیت اور تمام انتقامی کارروائیوں سے واقف ہے اور اس کے باوجود میں نے کسی بھی مرحلے پر قانونی طریقہ کار سے انحراف نہیں کیا ہے۔‘

خیال رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کے بچوں اور داماد کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو جمعہ چھ جولائی کو سنایا جائے گا۔

نواز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں یہ فیصلہ بھی اسی کمرۂ عدالت میں کھڑے ہو کر جج صاحب کی زبان سے سننا چاہتا ہوں جس کمرہ عدالت میں، میں نے اپنی بیٹی مریم کے ساتھ سو سے زیادہ پیشیاں بھگتی ہیں۔‘

اس کے ساتھ سابق وزیراعظم نے عدالتوں میں بعض کیسز کے فیصلے محفوظ ہونے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری عدالتوں میں کئی کئی ماہ تک فیصلے محفوظ رکھنے کی روایت موجود ہے جس میں حال ہی میں راولپنڈی کے ایک سیاست دان کا فیصلہ تین ماہ محفوظ رکھنے کے بعد سنایا گیا لیکن وہ مہینوں کی بات نہیں کر رہے بلکہ چند دنوں کی بات کر رہے ہیں اور ابھی ان کے خلاف مزید دو ریفرنسز کی کارروائی جا رہی ہے۔‘

نواز شریف نے کہا کہ لہذاٰ ایک حساس معاملے کے پیش نظر فیصلہ چند دن محفوظ رکھنے سے انصاف اور قانون کا کوئی تقاضا مجروح نہیں ہو گا۔ ’میں چاہتا ہوں کہ اپنے عوام کے درمیان رہتے ہوئے اور انھیں گواہ بناتے ہوئے کمرہ عدالت میں کھڑا ہو کر یہ فیصلہ سنوں۔‘

مریم نواز

نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی تیمار داری کے سلسلے میں ان دنوں لندن میں ہیں جبکہ ان کی بیٹی مریم نواز بھی ان کے ہمراہ ہیں

نواز شریف نے وطن واپسی کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ اگر فیصلہ حق میں آتا ہے یا ان کے خلاف تو بھی وہ اہلیہ کے صحت یاب ہونے کے فوری بعد پاکستان واپس لوٹ جائیں گے کیونکہ وہ 20 کروڑ عوام کے نمائندے ہیں کوئی آمر نہیں کہ بھاگ جائیں۔

پاکستان میں میڈیا کے خلاف کریک ڈاؤن اور سینسر شپ کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آج میڈیا پر قبضہ کس نے کیا ہے اور کیوں میڈیا آزاد نہیں ہے۔

’آج ایسا صرف میں نہیں کہہ رہا بلکہ دنیا بھر کا میڈیا کہہ رہا ہے اور ایسے ایسے آرٹیکل لکھے جا رہے ہیں اور خبریں آ رہی ہیں کہ بطور پاکستان ان کا سر شرم سے جھک رہا ہے اور یہ سب کون کر رہا ہے ؟ جو کسی ٹی وی کو بند کر رہے ہیں، کسی اخبار کو بند کر رہے ہیں اور کسی پر سینسر شپ لگائی ہوئی ہے، کسی کے لکھنے پر پابندی ہے اور جو لوگ بڑے اچھے آرٹیکل لکھتے تھے وہ آج کل ٹویٹ کر رہے ہیں اور ان کی ٹویٹ کو بھی بند کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’کون ہیں یہ لوگ، جو اپنے اداروں کے ساتھ جو کچھ کر رہے ہیں وہ تو کر رہے ہیں لیکن ملک کے ساتھ کیا کر رہے ہیں اور ان کے کیے ہوئے کا خمیازہ ادارے بھگت رہے ہیں، یہ کام چند افراد کر رہے ہیں لیکن بدنام ادارے ہو رہے ہیں۔‘


بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp