قندیل بلوچ نے مجھے ملاقات میں بشریٰ بی بی کے بارے میں بھی بتایا تھا: مفتی عبدالقوی
عالمی شہرت یافتہ عالم دین اور پاکستان تحریک انصاف کے علما و مشائخ ونگ کے سربراہ مفتی عبدالقوی نے ایک مقامی اخبار کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دست بوسی، چوکھٹ بوسی اور قدم بوسی کو سجدہ نہیں کہا جا سکتا۔ یہ عقیدت کے معاملات ہیں۔ ہونٹ لگانے کا نام بوسہ ہے۔ پیشانی کو زمین پر رگڑنا سجدہ کہلاتا ہے۔ مفتی عبدالقوی نے کہا کہ اگرچہ عمران خان سیاسی رہنما ہیں، مذہبی رہنما نہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ان کا ایمان دینی میرے اپنے ایمان سے بہتر درجے پر ہے۔
مفتی عبدالقوی سے سوال کیا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے آپ کو ٹکٹ کیوں نہیں دیا۔ مفتی عبدالقوی نے کہا کہ مجھ سے عمران نے پانچ سات مرتبہ ٹکٹ کے لئے پوچھا لیکن میں نے ان سے کہا کہ میں نے کبھی الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔ میں نے ان سے یہ بھی کہا کہ میں کنگ میکر ہوں۔
پاکستان تحریک انصاف میں ٹکٹوں کے معاملے پر احتجاج کرنے والے کارکنوں کے بارے میں مفتی عبدالقوی نے کہا کہ یہ لوگ قیادت کے فیصلے سے اختلاف کر کے بغاوت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ میں انہیں تین دن کی مہلت دیتا ہوں کہ قیادت کی اطاعت قبول کر لیں۔
ایک سوال کے جواب مفتی عبدالقوی نے تسلیم کیا کہ جولائی 2016 میں قتل ہونے والی سوشل میڈیا سیلیبرٹی قندیل بلوچ نے ان سے ملاقات میں عمران خان کی حالیہ اہلیہ بشریٰ بی بی کا بھی ذکر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قندیل ان سے صرف تین معاملات پر بات کرنے آئی تھیں۔ وہ عمران خان سے ملاقات کی خواہشمند تھیں۔ انہیں انڈیا جانا تھا۔ اس دورے کی کامیابی کے لئے دعا کروانا چاہتی تھیں۔ نیز قندیل بلوچ اپنے ذاتی مسائل پر روحانی رہنمائی چاہتی تھیں۔ مفتی عبدالقوی نے بتایا کہ انہیں قطعاً علم نہیں تھا کہ اس ملاقات میں قندیل نے وہ سیلفی تصاویر لیں جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔
واضح رہے کہ قندیل بلوچ قتل کیس میں مفتی عبدالقوی نامزد ملزم ہیں۔ پولی گراف ٹیسٹ کے مطابق انہوں نے اپنے بیانات میں غلط بیانی سے کام لیا تھا۔ مفتی عبدالقوی عدالت کی طرف سے گرفتاری کے حکم پر فرار ہوگئے تھے تاہم انہیں جھنگ کے قریب گرفتار کر لیا گیا۔ اس برس 5 مئی کو ایڈیشنل سیشن جج ملتان کی عدالت نے مفتی عبدالقوی سمیت پانچ ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی۔ اس مقدمے کے بعد مفتی عبدالقوی کو رویت ہلال کمیٹی کی رکنیت سے خارج کر دیا گیا تھا۔




