ہم سب چور ہیں


میں نے زندگی بھر بجلی کا مکمل بل ادا نہیں کیا۔ چارعدد اے سی چلتے ہیں مگر آج بھی بل سات ہزار آتا ہے۔ مگر وہ جو میٹر پیچھے کرنا آتا ہے، بڑا بے غیرت ہے۔ رشوت خور کہیں کا۔ اُسے اس کی رقم ہر ماہ ملتی ہے مگر جب اسے زیادہ کی ہوس ہوتی ہے، دھمکا جاتا ہے کہ چھاپا پڑنے کا ڈر ہے۔ ٹیم کو روکنے کیلئے دس ہزار دیں۔ چور کہیں کا۔ لالچی انسان۔

بھائی زمین کا تبادلہ لکھوا لیتے ہیں۔ تحصیلدار یہ کام کر دے گا۔ زمین خرید رہے ہیں اس پر تو قانونی فیس بہت پڑے گی پکی ہوگئی بات جناب کہ ایک ماہ بعد وہ زمین کم اوسط بیع لکھوا کر واپس آپ کے نام ، ٹھیک ہے بھائی۔

فون ہی تو کر رہی تھی ڈرائیونگ کے دوران۔ سب کرتے ہیں اچھا وارڈن صاحب، یہ ذرا صاحب سے بات کر لیں۔ او کے میڈیم آپ جائیں۔ 700 روپے بھی بچے اور کچہری کی خجل خواری سے بھی جان چھوٹی۔ یہ دو ٹکے کا ٹریفک وارڈن 200 لے لیتا تو بہتر تھا۔ اب بھی تو جانے دیا نا۔ کہاں گئی اس بے ایمان کی ایمانداری ہنہ۔

بے بے میرا بندہ جوا کھیل رہا تھا۔ اس کو پولیس پکڑ کر لے گئی ہے۔ ہیں کیا؟ میرے وسیب کے بندے پر تھانیدار نے ہاتھ کیسے ڈالا۔ اوئے کرم دین تیری خلاصی کا فون آیا ہے، تو جا۔ باقی پانچوں کو چھتر لگاﺅ۔ جوتے کا شوق ذرا کم ہو۔

ڈیئر جانو! یہ آج پارٹی کرتے ہیں کوئی خاص بات ہے کیا ہاں وہ آج ہی امپورٹڈ وسکی دے گیا ہے کسٹم آفیسر جس کی سفارش کی تھی۔ بڑا احسان مند تھا وہ بھلا آدمی ہے۔

آئیں آئیں سسٹر جی آپ ہی کی وجہ سے اسی شہر میں کلینک چلا رہا ہوں۔ ورنہ حکومتی اداروں نے تو جا پھینکا تھا مجھے خان پور۔ کہتے ہیں سرکاری ڈاکٹر ہو، کہیں بھی تمہاری تبدیلی کی جا سکتی ہے۔ مگر اپنا پرائیویٹ ہسپتال کس کے حوالے کرتا۔ خان پور میں ایک ڈسپنسر ہے تو سہی۔ کام چل رہا ہے۔ آئیں پہلے آپ کا چیک اپ کر لوں۔ حکومت کی طرف سے تنخواہ برابر مل رہی ہے نا کہ بات کروں ، مل رہی ہے سسٹر: گڈ۔

آپ کے بچے کی کارکردگی ڈاﺅن جا رہی ہے 99% سے 95% پر آگیا ہے۔ اس کی ٹیوشن ٹیچر بدل دیں۔ مس جی آپ بتائیں نا کہ کس کے پاس بھیجوں۔ بڑا اچھا بچہ ہے میں وقت نکال لوں گی اس کے لئے۔ لے بیٹا یہ سوال تیار کر لو۔ اہم ہیں۔ اگلے دن پیپر میں وہی سوال آ گئے۔ کیا اتفاق ہے۔

مجھے پاسپورٹ ری نیو کروانا ہے۔ لائین میں نہیں لگا جا سکتا۔ بھیا یہ 1000 رکھو اور میرا نمبر ذرا جلد کروا دو۔ آدھے گھنٹے میں باری آ گئی۔ مرگیا 500 پر راضی ہی نہیں ہوا۔ بے ایمان کہیں کا۔ لالچی۔

وکیل صاحب آج سنوائی ہوگی نا۔ ہاں ہاں کیوں نہیں بس وہ ریڈر کو 2000 روپے دینا ہوں گے۔ تو میں دیتی ہوں نا۔ مگر فیصلہ اپنے ہی حق میں ہوگا۔ تگڑی سفارش لگائی ہے۔ جاہل آدمی ، جب قانونی داﺅ پیچ ہی نہیں آتے تو مکان کا مقدمہ ہی کیوں کیا تھا۔ اب ہو گیا نہ فیصلہ میرے حق میں۔

الیکشن قریب ہیں اللہ ہمیں ان کرپٹ سیاستدانوں سے بچائے دودھ والا دودھ میں پانی ملاتے ہوئے بولا۔ تو اس کی پاس کھڑی بھینس بولی۔ انجکشن کے بعد دودھ تو پورا دیا تھا میں نے، تم نے پانی کیوں ملایا۔ چپ کر تو بھینس ہے۔ کیوں چپ رہوں، میں بھینس ہوں نہ عوام ہوں نہ تم حکمران۔ تجھے چارہ نہیں دوں گا۔  ڈنڈے مارے تو سیدھی ہو جائے گی نا۔ یہ تیری بھول ہے۔ میں بھی لات مار دوں گی اور ہاں اپنے زبان دانوں سے کہو محاورہ بدلیں بھینس کے آگے بین بجانا تو پھر اس کی جگہ کون سا محاروہ ہو سوئے ہوئے ضمیر کے آگے بین بجانا۔ ہم جانوروں کو اس سب تماثیل سے نکالو اور خود کو فٹ کرو۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).