تقاریر اور بیانات کی قیمت چکانے کا پیغام مسلسل ملتا رہا: مریم نواز


سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک پیغام مسلسل ملتا رہا کہ آپ کو اپنی تقاریر اور بیانات کی قیمت چکانا پڑے گی۔ مریم نواز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ ایک پیغام مجھے مسلسل ملتا رہا۔ آپ کا مائنڈ سیٹ ، تقاریر اور بیانات قابل اعتراض ہیں، ان کی آپ کو قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ وہ سمجھتے تھے میں نواز شریف کو ان کے خلاف اکساتی ہوں اور مجھ سے نمٹنا سب سے زیادہ مشکل ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی حتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف فیملی کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں مجموعی طور پر 11؍ سال قید بامشقت، 8؍ملین پائونڈ (132کروڑ) جرمانہ عائد کیا۔ اس کے علاوہ ان کی صاحبزادی مریم نواز کو مجموعی طور پر 8؍سال قید بامشقت ،دوملین پائونڈ (33کروڑ) جرمانہ (مجموعی طور پر165؍کروڑروپے) جبکہ سابق وزیر اعظم کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو جعلی ڈیڈ میں گواہی دینے کے جرم میں صرف ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔