’پیاری سونالی، آپ درد سے گزرنے والوں کے لیے ایک مثال ہیں‘


سونالی بیندرے کا پیغام

میرے پسندیدہ مصنفہ ازابیل ایلنڈے کے الفاظ ہیں ‘ہم اس وقت تک یہ نہیں جان پاتے کہ ہم کتنے مضبوط ہیں جب تک کہ ہم اپنی خفیہ طاقت کو سامنے لانے پر مجبور نہ ہوجائیں۔ کسی سانحے، جنگ، ضرورت کے وقت پر لوگ حیران کن چیزیں کر جاتے ہیں۔ انسان کی اپنی بقا اور (زندگی) از سرِ نو شروع کرنے کی سکت حیرت انگیز ہے‘۔

گذشتہ چند دنوں میں مجھے بھرپور محبت ملی ہے۔۔۔ اور میں خاص کر ان لوگوں کی شکر گزار ہوں جنھوں نے اپنی یا اپنے پیاروں کی کینسر سے نمٹنے کی کہانیاں شیئر کی ہیں، آپ کی کہانیوں نے میرا حوصلہ اور ہمت بڑھائی ہے اور خاص کر کے یہ کہ میں تنہا نہیں ہوں۔

ہر روز ایک نیا چیلنج اور پھر فتوحات لاتا ہے اور میں ایک ایک کر کے روز مرہ کی بنیادوں پر میں ان سے نمٹ رہی ہوں۔ ایک چیز جو میں تواتر سے کرنے کی کوشش کر رہی ہوں وہ ہے ایک مثبت رنگ ڈھنگ۔۔۔ اور میرا اس سے نمٹنے کا ایک ہی طریقہ ہے وہ ہے SwitchOnTheSunshine# اور اپنے اس سفر کو شیئر کرنا بھی اسی کا حصہ ہے۔ اور میں صرف امید ہی کر سکتی ہوں کہ اس سے آپ کو اس بات کی یادہانی ہو کہ ابھی سب کچھ ختم نہیں ہوا اور کہیں کوئی یہ سمجھ سکتا ہے کہ آپ پر کیا گزر رہی ہے۔

SwitchOnTheSunshine ##

اس پیغام کے بعد سونالی بیندرے نے اسی ہیش ٹیگ کے ساتھ ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ اپنے بال کٹوا کر ایک نئے سٹائل میں نظر آتی ہیں۔

انھوں نے اس ہیش ٹیگ کے ساتھ دو ٹوئٹس کی ہیں جن کے جواب میں پاکستانی صحافی مہر تارڑ نے بھی ان کے نئے سٹائل پر تبصرہ کیا اور کہا ’پیاری سونالی، آپ اس ہیئر سٹائل میں ہالی وڈ کی کوئی پرانی بیوٹی لگ رہی ہیں۔ آپ کو دعائیں اور پیار، مضبوط رہیے۔ آپ ان سب کے لیے ایک مثال ہیں جو اس خطرناک بیماری سے نبرد آزما ہیں اور جو درد سے گزر رہے ہیں‘۔

https://twitter.com/baklolbagga/status/1016607641903271936

بیلجئن باگا نامی شخص لکھتے ہیں ’ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ آپ مثبت قوت سے روشن نظر آ رہی ہیں اور بہت خوبصورت لگ رہی ہیں۔ ایسے ہی رہیں اور آپ فاتح ہوں گی۔‘

وسیم لکھتے ہیں ’ہم اس بات پر بحث کر رہے تھے کہ بہادر کیسے بنا جائے اور ایک گھنٹے بعد میں نے آپ کا نام لیا سونالی بیندرے اور تالیوں کے ساتھ بحث ختم ہوگئی‘۔

عام لوگوں کے علاوہ حالیہ دنوں میں کئی معروف شخصیات نے بھی ان کو دعائیں بھیجی ہیں جن میں انڈیا کے سابق کپتان اظہر الدین بھی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ فلمی دنیا کے کئی معروف شخصیات نے بھی انھیں دعائیں بھیجی ہیں۔

چند دن قبل اداکارہ سونالی بیندرے نے اپنی بیماری کا انکشاف اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا تھا۔

انھوں نے لکھا تھا ‘حال ہی میں ٹیسٹ کے بعد معلوم ہوا ہے کہ مجھے ہائی گریڈ میٹاسٹیٹک کینسر ہے۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ایسا ہوگا۔ کئی روز کے درد کے بعد میں نے ٹیسٹ کروائے جس کے بعد چونکا دینے والی رپورٹ سامنے آئی’۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32539 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp