پورن سٹار کہلائے جانے پر گھن آ رہی ہے: راجشری دیشپانڈے


ایک انڈین اداکارہ کا کہنا ہے کہ نیٹ فلیکس کی سیریز میں ان کے سیکس سین کو بطور پورن کلپ شیئر کیے جانے پر انھیں گھن آ رہی ہے۔

سیکرڈ گیمز نامی سیریز کے 30 سیکنڈ کے اس کلپ میں ایک بدمعاش اور اس کی بیوی کے درمیان ایک سیکس سین دکھایا گیا ہے۔ بیوی کا کردار اداکارہ راجشری دیشپانڈے نے ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ لوگوں کو سیاق و سباق کے بغیر چیزیں شیئر کرنے میں احتیاط کرنی چاہیے۔

اس سیریز میں متعدد نامور بالی وڈ اداکار سکرین پر دیکھنے کو ملتے ہیں۔ یہ سیریز نیٹ فلکس پر انڈیا کا پہلا اوریجنل ڈرامہ ہے۔

راجشری دیشپانڈے کو سوشل میڈیا پر لوگوں نے عریاں فلموں کی اداکارہ قرار دیا ہے اور بہت سے لوگوں نے کہا ہے کہ انھیں شرم آنی چاہیے۔

بی بی سی کی دیویا آریا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’مجھے کیوں شرم آنی چاہیے۔ مجھے اپنے کردار اور اس سین کی اہمیت کے حوالے سے پورا یقین ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’میری نیت ٹھیک تھی۔ میں نے کچھ غلط نہیں کیا۔‘

یہ ویڈیو کلپ واٹس ایپ اور یوٹیوب پر کئی بار شیئر کیا جا چکا ہے۔ راجشری نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر ذمہ دارانہ رویہ رکھیں۔

انھوں نے کہا کہ اگر آپ کے پاس ایسا پیغام آتا ہے تو آپ کو غور سے سوچنا چاہیے کہ اس کا کیا کرنا ہے۔

’ٹیکنالوجی ایک ہتھیار ہے۔ یہ ہمیں بچا سکتی ہے یا تباہ کر سکتی ہے۔‘

سیکرڈ گیمز نامی سیریز میں سیف علی خان، رادھیکا آپتے اور نواز الدین صدیقی جیسے بڑی سٹارز ہیں۔ یہ سیریز اسی ماہ ریلیز کی گئی ہے۔

نیٹ فلکس کی کوشش ہے کہ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک انڈیا میں بھی مداح حاصل کرے۔ اسی لیے دیگر انڈین سیریز جو متعارف کروائی جانی ہیں ان میں غول نامی ایک ہورر فلم ہے جس کا مرکزی مقام ایک جیل ہے اور دوسری کا نام کروکوڈائل ہے جو کہ گوا کی ایک مرڈر مسٹری ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp