مسلم لیگ (ن) نے دھاندلی سے نمنٹنے کی حکمت عملی تیار کر لی


پاکستان مسلم لیگ (ن) نے قبل ازانتخابات میں دھاندلی بے نقاب کرنے اور اس سے بچنے کیلئے جامع انسداد دھاندلی نظام تیار  کر لیا ہے تا کہ 25 جولائی کو صاف شفاف اور منصفانہ انتخاب ہوں۔ الیکشن ایجنٹوں، سوشل میڈیا اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کی ایک کانفرنس ماڈل ٹاؤن میں پی ایم ایل این کے ہیڈ کوآرڈرز میں منعقد ہوئی۔

سینیٹر مشاہد حسین نے، جو اس کانفرنس کے چیئرمین بھی تھے، اس نظام کا اعلان کیا جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نمائندوں، ان کی نشستوں، مسلم لیگ (ن) لائرز فورم کی قانونی مدد فراہم کرنے والی ٹیموں، مسلم لیگ (ن) کی سوشل میڈیا ٹیموں کے درمیان رابطہ پیدا کرے گا اور کسی بھی دھاندلی کو مکمل طور پر عیاں کیا جائے گا۔ اس کے خلاف مزاحمت کی جائے گی اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن، انتخابی مبصرین اور میڈیا کو بھی فوری آگاہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے میڈیا سیل کے سربراہ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ نواز شریف سیاسی طور پر سلاخوں کے پیچھے زیادہ مضبوط ہیں اور سارا انتخاب ان کے گرد گھوم رہا ہے، عمران خان کے جلسو ں کی خالی کرسیاں اور شہباز شریف کے جلسوں کے پرجوش کراؤڈ سے واضح ہے کہ (ن) لیگ انتخابات میں جیت رہی ہے لیکن کچھ لوگ عمران خان کو کامیاب کرانے کیلئے بضد ہیں۔ عمران خان انتخابات نہیں بلکہ تاجپوشی چاہتے ہیں۔ پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کسی گروہ یا چند افراد نے نہیں بلکہ 22کروڑ عوام نے کرنا ہے۔

‎مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سوشل میڈیا ورکرز اور امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ پولنگ ایجنٹس ہماری آنکھ اور کان ہیں اور انہیں پولنگ ڈے کے حوالے سے آگاہی دینا بہت ضروری ہے۔ نصیر بھٹہ کی سربراہی میں لیگل ٹیم تشکیل دی گئی ہے جبکہ ہر حلقے میں بھی اسی طرح کی ٹیم ہو گی۔ میری تجویز ہے کہ امیدوار اپنے چیف پولنگ ایجنٹس میں وکلا کو لازمی شامل کریں۔ وکلاء دھونس دھاندلی کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور اسے روک سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوامی رجحان بڑا واضح ہے کہ مسلم لیگ (ن) فتح کی جانب گامزن ہے لیکن اگر کوئی رکاوٹ نظر آرہی ہے تو وہ کچھ عناصر کی کوششیں ہیں۔

عمران خان کے جہلم، سیالکوٹ، فیصل آباد اور جھنگ میں تحریک انصاف کے جلسوں میں جس طرح خالی کرسیاں آ رہی ہیں ان کی پرچیاں بھی خالی آئیں گی۔ مسلم لیگ (ن) کے جلسوں میں عوام کی شرکت بھرپور اور پرجوش عوام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہو رہی ہے کہ عوام کے مینڈیٹ پر کسی طرح ڈاکہ ڈالا جائے۔ انہوں نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے دھاندلی کو نہ صرف بے نقاب کرنا ہے بلکہ اسے روکنے کیلئے آئین و قانون اور الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق تمام اقدامات کو بروئے کار لانا ہے۔ اگر کسی محکمے کا اہلکار اپنے حلف سے تجاوز کرتا ہے تو اس کے خلاف تحریری آگاہ کریں ہماری لیگل ٹیم اس کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی۔ ہم نے اپنے امیدواروں اور لیگل ٹیم کو ایک دوسرے سے نتھی کر دیا ہے، سوشل میڈیا ٹیم ایسی وارداتوں کو ایکسپوز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کی گونج پورے پاکستان میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم 25 جولائی کیلئے تیار ہیں،پاکستان سے بڑا کوئی نہیں ہے۔ ہم پارلیمنٹ کی بالا دستی قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آئین اور قانون کا تحفظ کرنے کی کوشش ہے۔ میڈیا غیر جانبدار ہے اور عوام کو حقائق سے آگاہ کر رہا ہے۔‎