میجر جنرل آصف غفور کا جسٹس شوکت عزیز کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ
راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی جانب سے ریاستی اداروں پر لگائے جانے والے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے معزز جج نے عدلیہ اور سیکیورٹی ایجنسیوں سمیت ملک کے اہم اداروں پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔
Honourable Supreme Court of Pakistan has been requested to initiate appropriate process to ascertain the veracity of the allegations levelled against state institutions. pic.twitter.com/wiruWYNZre
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) July 22, 2018
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ملکی اداروں کے وقار اور تکریم کے تحفظ کے لیے سپریم کورٹ اپنا کردار ادا کرے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے گزشتہ روز راولپنڈی بار سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ موجودہ ملکی حالات کی 50 فیصد ذمہ داری عدلیہ اور باقی 50 فیصد دیگر اداروں پر عائد ہوتی ہے۔
جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ اُن سے کہا گیا کہ یقین دہانی کرائیں کہ مرضی کے فیصلے کریں گے تو آپ کے ریفرنس ختم کرا دیں گے اور انہیں نومبر کے بجائے ستمبر میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا چیف جسٹس بنوانے کی بھی پیش کش کی گئی۔
بشکریہ جیو نیوز۔


