شہباز، پیار ے دوست، پیارے بھائی، سی پیک میں تعاون پر شکریہ، چینی سفیر کا خط


اسلام آباد (جنگ نیوز) پاکستان میں چین کے سابق سفیر سن وائی ڈانگ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے نام خط میں پاک چین اقتصادی راہ داری(سی پیک) کے تحت پنجاب میں منصوبوں کو بروئے کار لانے میں تعاون پر ان سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔ ان پروجیکٹس میں کوئلے سے چلنے والا ساہیوال پاور پلانٹ، زوزجی سولر پروجیکٹ اور اورنج لائن میٹرو وغیرہ اہمیت کے حامل ہیں۔ جن سے مقامی آبادیاں بھرپور استفا دہ کر سکیں گی۔

شہباز شریف کو پیارے بھائی اور دوست کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعاون کے حوالے سے پاک چین شراکت داری اور باہمی تعاون ہر آزمائش پر پورا اُترا اور مضبوط تر ہوتا جا رہا ہے۔ چین ان تعلقات اور باہمی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ جبکہ چین کی سفارتکاری میں پاکستان اولین ترجیح ہے۔ یہ بات باعث مسرت ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاست، اقتصادیات اور عوامی تبادلوں میں وسیع تر تعاون موجود ہے۔

خصوصاً بیلٹ اینڈ روڈ اِنی شیٹو کا پائلٹ پروجیکٹ میں عمل درآمد کے حوالے سے نمایاں پیش رفت ہوئی اور سی پی ای سی پر مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں طرفین نے باہمی فوائد سمیٹے۔ سابق چینی سفیر نے کہا کہ وہ اس دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں انہوں نے کہا مجھے اور میرے ساتھیوں کو قیام پاکستان کے دوران جو تعاون فراہم کیا گیا، اس پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سابق چینی سفیر نے شہباز شریف سے توقع ظاہر کی کہ وہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔
بشکریہ جنگ۔

Facebook Comments HS