متحدہ مجلس عمل کا الیکشن کے لیے نیا گانا؛ سوشل میڈیا صارفین کے دلچسپ کمنٹس


’سیاست ہوگی، اب دیکھنا آئے گی۔۔۔‘ الیکشن سے قبل متحدہ مجلس عمل کے لئے ایسا گانا جاری کردیا گیا کہ آپ بھی سنتے ہی رہ جائیں گے

 لگ بھگ ہر سیاسی جماعت نے اپنے ترانے بنا رکھے ہیں جن میں بعض تو ایسے کمال ہیں کہ سن کر مخالف پارٹی کے حامی بھی سر دھننے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ اب تک ملک کی متحدہ مجلس عمل (جو ملک کی تمام اسلامی جماعتوں کے اتحاد پر مبنی جماعت ہے) ہی شاید وہ واحد پارٹی تھی جس کا کوئی ترانہ نہیں آیا تھا۔تاہم اب اس کی طرف سے بھی ایسا ترانہ سامنے آ گیا ہے کہ سن کر آپ سنتے ہی رہ جائیں گے۔اس ترانے ’سیاست ہو گی، اب دیکھنا آئے گی متحدہ مجلس عمل‘ میں جس طرح کی شاعری کی کوشش کی گئی ہے اور اسے جس طرح گایا گیا ہے، اس پر شعر و سخن اور راگ رنگ سے علاقہ رکھنے والے لوگ تو یقینا سٹپٹا کر رہ جائیں گے۔

تاحال متحدہ مجلس عمل کی طرف سے یہ بات سامنے نہیں آئی کہ یہ ان کا آفیشل سانگ ہے یا اس کے حامیوں نے اپنے طور پر اسے جاری کیا ہے، تاہم اس پر ملک بھر سے بہت دلچسپ ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ترانے کی ویڈیو پر کمنٹس میں ایک شخص نے لکھا ہے کہ ”یہ 2018ءکے الیکشن کی سب سے ہلکی چیز ہے۔ اسے میں پورا دن بھی سن سکتا ہوں۔“ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ ”کیا مجھے اس کا مکمل ورژن مل سکتا ہے۔ اس ترانے میں شاعری کی خوفناک اور مضحکہ خیز کوشش کی گئی ہے۔ “اس گیت میں لفظ ’جمعیت‘ بار بار اس طرح دہرایا جاتا ہے کہ ایک خاتون صارف اس پر بول اٹھی اور لکھا کہ ”میں اب تک یہی سمجھتی رہی کہ ’چھمیا چھمیا چھمیا‘ کہہ رہے ہیں۔“ایک اور صارف نے بھی لکھا کہ ”سب کچھ مان لیا، لیکن یہ شروع میں جو چھمیا چھمیا تھا، وہ سمجھ نہیں آیا۔ مولویوں کی پارٹی میں چھمیا چھمیا؟“

Facebook Comments HS