پنجاب میں حکومت سازی کے لئے  مسلم لیگ (ق) نے مسلم لیگ (ن) کی طرف تعاون کا ہاتھ بڑھا دیا


تحریک انصاف کی طرف سے کوئی بھی اہم عہدہ دینے سے صاف انکار کے بعد مسلم لیگ (ق) نے پنجاب میں حکومت سازی کے لئے مسلم لیگ ن سے رابطہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ن لیگ کی 129 اور پی ٹی آئی کی 123 نشستیں سامنے آئی ہیں اور دونوں جماعتوں کی جانب سے پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے اور ایسے میں آزاد امیدوار اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔ تحریک انصاف کےجہانگیر ترین، عبدالعلیم خان ، چوہدری سرور اور میاں محمود الرشید نے آزاد امیدواروں سے رابطہ کر لیا ہے۔

نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر ق لیگ انتہائی اہمیت اختیار کر گئی ہے اور پرویز الہیٰ بھی وزیراعلیٰ کی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں ، ق لیگ ٹریکٹر کے نشان پر7 نشستیں جیت چکی ہے جبکہ ایک آزاد امیدوار نے ق لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا جس کے بعد ممکنہ نشستیں 8 ہوگئیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق ق لیگ کا انتخابات میں پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد تھا تاہم پی ٹی آئی اس وقت ق لیگ کو کوئی بھی بڑا عہدہ دینے کیلئے تیار نہیں اس لیے ق لیگ نے اپنی اہمیت کو بڑھانے کیلئے ن لیگ سے رابطہ بھی کر لیا ہے۔ اہسی صورت میں اگر ن لیگ مسلم لیگ (ق) کے ساتھ اتحاد کرتی ہے تو انہیں کوئی بڑا عہدہ قربان کرنا ہو گا۔