خواجہ آصف نے آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں کو قبول کرنے سے انکار کر دیا


سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہم نے عمران خان کی روایات کو جاری نہیں رکھنا اور نہ ہی جمہوری عمل کو نقصان پہنچائیں گے۔ اے پی سی میں جو فیصلے ہو رہے ہیں اس سے جمہوریت کو نقصان ہو گا۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جمہوریت کو نقصان پہنچا تو وفاق اور ملک کو نقصان ہو گا۔ ہم نے کسی صورت عمران خان کی روایات کو جاری نہیں رکھنا۔ ہم جمہوری عمل کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں جو فیصلے ہو رہے ہیں اس سے جمہوریت کو نقصان ہو گا۔ واضح رہے کہ قبل ازیں ایم ایم اے کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس نے عام انتخابات 2018ء کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے پی سی میں شامل جماعتوں کے کامیاب ہونے والے ارکان کی جانب سے قومی اسمبلی میں رکنیت کا حلف نہیں اٹھایا جائے گا جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے حلف نہ اٹھانے کے حوالے سے پارٹی سے مشاورت کیلئے دو روز کا وقت مانگ لیا ہے۔