مسلم لیگ (ن) نے دیگر جماعتوں کے ساتھ وفاق میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کر لیا


مسلم لیگ (ن) نے دیگر جماعتوں کے ساتھ قومی اسمبلی میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہباز شریف کی زیرصدارت پارٹی کا مشاورتی اجلاس ماڈل ٹاﺅن پارٹی کے سنٹرل آفس میں ہوا۔ جس میں وفاق میں اپوزیشن میں بیٹھنے سے متعلق مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ ن دیگر جماعتوں کے ساتھ ملکر وفاق میں اپوزیشن کا کردار ادا کریں گی۔

اس کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور خورشید شاہ نے ان کی دعوت قبول کر لی اور اس حوالے سے دونوں رہنما کی آج اسلام آباد میں ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن میں شکست پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی کو قریب لے آئی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق گورنر احمد محمود سے ملاقات کی ہے اور پنجاب میں مسلم لیگ ن کو سپورٹ کرنے کی درخواست کی ہے۔ جس پر انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے فیصلہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئر مین آصف علی زرداری کریں گے۔ اس کے بعد شہباز شریف نے خورشید شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس کو خورشید شاہ نے قبول کر لیا ہے اور اس حوالے سے دونوں رہنماؤں کی ملاقات آج اسلام آباد میں ہو گی۔

خورشید شاہ نے شہباز شریف کو بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اس حوالے سے ایک کمیٹی بنا دی ہے جس میں سید یوسف رضا گیلانی، سید خورشید شاہ، سینیٹر شیری رحمن، سینیٹر فرحت اللہ بابر، قمر زمان کائرہ، راجہ پرویز اشرف اور سید نوید قمر شامل ہیں جو انتخابی نتائج کے حوالے سے رابطہ کریں گے۔ دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن نے احتجاج کی بجائے ان معاملات کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور بھرپور طریقے سے اپوزیشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔