نومنتخب پی ٹی آئی رکن اسمبلی کا ایس ایچ او پر تشدد، اہلکار کا سر پھاڑدیا


پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی ملک ندیم نےآتش بازی سےمنع کرنےپرایس ایچ او کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ فوٹو : اسکرین گریب

پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی ملک ندیم نےآتش بازی سےمنع کرنےپرایس ایچ او کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

جیت کے جشن میں مداخلت کرنے پر تحریک انصاف کے نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی ملک ندیم عباس نے ایس ایچ او کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

الیکشن میں جیت پر ملک ندیم عباس کے ڈیرے پر آتش بازی کی جا رہی تھی کہ پٹرولنگ کے دوران ایس ایچ او تھانہ ہنجروال رانا افضل کے منع کرنے پر نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی ندیم عباس اور ان کے ساتھیوں نے مبینہ طور پر پولیس پارٹی پر ہلہ بول دیا، ایم پی اے نے نہ صرف ایس ایچ او تھانہ ہنجروال کی وردی پھاڑی بلکہ پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ایک اہلکار کا سر بھی پھاڑ دیا۔

واقعہ کے بعد ملزموں کی گرفتاری کے لیے پولیس نے ندیم بارہ کے ڈیرے پر چھاپہ مارا تو نومنتخب ایم پی اے ساتھیوں سمیت فرار ہو گئے، ڈیرے پر موجود افراد کو حراست میں لے کر تھانے میں بند کر دیا گیا ہے، آئی جی پنجاب نے پولیس اہلکاروں پرتشدد کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔

Facebook Comments HS