الیکشن کمیشن نے کچرے سے بیلٹ پیپرز ملنے کا نوٹس لے لیا
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی کے علاقے قیوم آباد میں کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود میں کچرےسےبیلٹ پیپرز ملنےکا نوٹس لے لیا۔
الیکشن کمیشن نے اس ضمن میں صوبائی الیکشن کمشنرسندھ، متعلقہ ڈی آر او اور ریٹرننگ آفیسر سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن 2018ء کے نتائج کی خبروں کے بعد قیوم آباد کی کچرا کنڈی سے بیلٹ پیپرز برآمد ہوئے جن پر اسٹمپ لگی ہوئی تھی۔
علاقہ مکینوں کے مطابق کچرا کنڈی میں بیلٹ پیپرز کو آگ لگائی گئی تھی جن کے ساتھ ووٹرز کارڈز بھی موجود تھے۔
کچرا کنڈی سے بڑی تعداد میں مہر لگے بیلٹ پیپرز ملنے پر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے کورنگی قیوم آباد میں احتجاج بھی کیا۔
اطلاع ملنے پر علاقہ مکینوں سمیت حلقہ این اے 241سے الیکشن میں کھڑے ہونے والے سیاسی جماعتوں کے امیدوار بھی پہنچ گئے تھے جنہوں اس واقعے پر بھرپور احتجاج کیا تھا۔
واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا تھا کہ قیوم آباد کی کچرا کنڈی سے ہزاروں جلے ہوئے بیلٹ پیپرز برآمد ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے، طے شدہ منصوبے کے تحت پیپلزپارٹی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ادھر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے قیو م آباد و کورنگی کی کچرا کنڈیوں سے مہر لگے بیلٹ پیپرز کی بر آمد گی پر گہر ی تشویش کا اظہا ر کر تے ہو ئے اسے کھلی دھا ند لی اور پو سٹ پول رگنگ کی کھلی مثال قرار دیا۔

