شیخ رشید اور تحریک انصاف کے درمیان "وسیع تر قومی مفاد” میں شدید اختلافات پیدا ہو گئے


انتخابات ختم ہوتے ہی عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور پاکستان تحریک انصاف میں شدید اختلافات سامنے آ گئے ہیں۔ ان اختلافات کی وجہ راولپنڈی کا حلقہ این اے 60 ہے۔ اس حلقے سے مسلم لیگ ن کے امیدوار حنیف عباسی کو ایفیڈرین کیس میں سزا ہونے کے باعث الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کر دیئے تھے۔ اب اس حلقے میں دوبارہ انتخابات میں شیخ رشید احمد اپنے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو کھڑا کرنا چاہتے ہیں جو راول ٹاؤن کے ناظم بھی رہ چکے ہیں، لیکن تحریک انصاف کے مقامی رہنماء اپنا امیدوار لانے پر بضد ہیں۔

این اے 60 اور 62 پر تحریک انصاف اور شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ کے مابین سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی تھی۔ این اے 62 سے شیخ رشید جیت چکے ہیں اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاہدے کے مطابق این اے 60 کی سیٹ بھی اپنے خاندان میں رکھنا چاہتے ہیں۔ دوسری طرف پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کا کہنا ہے کہ ’’پارٹی چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی کی سیٹیں جیتنے کے لیے شیخ رشید کی حمایت کی تھی۔ اب وہ ایم این اے بن چکے ہیں چنانچہ انہیں دوسری نشست پی ٹی آئی کے لیے چھوڑ دینی چاہیے تاکہ اس پر پی ٹی آئی اپنے کسی ورکر کو لا سکے۔‘‘ تحریک انصاف کی طرف سے حلقہ این اے 60 کے لیے سابق ضلع ناظم راجا طارق محبوب کیانی اور پی اے عارف عباسی کے نام سامنے آئے ہیں۔ شیخ رشید کی طرف سے اپنے بھتیجے کو آگے لانے کے مطالبے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ تحریک انصاف کے کچھ مقامی رہنما اور ورکرز بنی گالہ کے باہر احتجاج کی منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں۔