پولنگ کے بعد میری بیٹی نے فارم 45 مانگا تو فوجی افسر نے شرمناک دھمکی دی: اسفند یار ولی
عموانمی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے حالیہ الیکشن میں ایک پولنگ سٹیشن پر اپنی بیٹی کیساتھ پیش آنے والا واقعہ سناتے ہوئے انتہائی خوفناک دعویٰ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے ویڈیو میں اسفند یار ولی خان کا کہنا ہے کہ ایک پولنگ سٹیشن پر میری اپنی بیٹی پولنگ ایجنٹ تھی۔ پولنگ ختم ہونے کے بعد اس نے فارم 45 کے حصول کا مطالبہ کیا۔ اس پر پریذائیڈنگ آفیسر نے فوجی کو آواز دی۔ فوجی اندر آیا تو میری بچی سے کہتا ہے کہ اگر تمہیں فارم 45 چاہئے تو پہلے گھر سے لے آﺅ، پھر ہم بھر دیں گے۔ میری بچی نے کہا کہ یہ تو تیری ذمہ داری ہے، میری ذمہ داری نہیں ہے۔ یہ جواب ملنے پر فوجی نے میری بچی کو کہا کہ ایک بات کان کھل کر سن لو، اگر اپنی اور اپنے ساتھ موجود نوجوان لڑکیوں کی عزت پیاری ہے تو خاموشی سے چلی جاﺅ۔ اس نے پھر بھی تکرار کی لیکن اکثر پولنگ سٹیشنز میں جب ایسا ہی رویہ اپنایا جاتا ہے تو آپ خود اندازہ لگائیں کہ کون پولنگ سٹیشن میں آرمی کے سامنے کھڑا ہو گا۔
اسفند یار ولی نے صحافیوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کے یہاں کا ایک جنرل، جو یہاں موجود ہے مگر میں اس کا نام نہیں لوں گا، پانچ بجے وہ مجھے روزانہ فون کرتا ہے اور کہتا ہے کہ مبارک ہو، آپ کی، ایمل، شکیل عمر زئی اور آفتاب شیرپاﺅ کی چار سیٹیں کلیئر ہیں، میں پورے علاقے میں گھوما ہوں۔ چھ بجے تک کام بالکل ٹھیک چلا لیکن چھ بجے ایک نئی روایت آئی کہ کسی پریذائیڈنگ آفیسر نے کہا کہ مجھے سر میں بہت زیادہ درد ہے تو میں ایک گھنٹہ آرام کرنا چاہتا ہوں، اس ایک گھنٹے آرام کے بہانے پولنگ کا تمام عملہ مع پولنگ باکسز ایک کمرے میں سو گئے۔ پولنگ ایجنٹس کو سکول کے احاطے سے بھی فوج نے باہر نکال دیا اور ایک گھنٹے بعد دوبارہ بلایا کہ آﺅ گنتی کرتے ہیں ۔پولنگ ایجنٹس کو بلا کر گنتی بھی ایسے کی گئی کہ پولنگ ایجنٹس کو خاصے فاصلے پر کھڑا کر دیا گیا اور دور سے ووٹ بھی دکھاتے گئے۔ ہمارے ایک ساتھی نے بیٹھ کر جب حساب کتاب کیا کہ میرے حلقے میں قومی اسمبلی کی سیٹ پر کتنے ووٹ ملے اور تین صوبائی اسمبلیوں پر کتنے ووٹ پڑے اور ان اعدادو شمار کو پولنگ کے وقت سے تقسیم کر دیا تو یہ سن کر آپ کو حیرانی ہو گی کہ اس حساب سے ایک شخص کو ووٹ کاسٹ کرنے میں صرف 53 سیکنڈ لگے۔ اب یہ مجھے دنیا کی کوئی طاقت یہ سمجھا دے کہ 53 سکینڈ میں ایک شخص کیسے ووٹ کاسٹ کر سکتا ہے۔ انتخابات میں جہاں بھی جو بھی گڑبڑ ہوئی وہ شام چھ بجے کے بعد ہوئی اور ساتھ ہی یہ بھی واضح کر دوں کہ اس دھاندلی میں فوج اور نگران حکومت بھی ملوث تھی جبکہ الیکشن کمیشن تو پہلے ہی ملوث تھا۔ واضح رہے کہ اے این پی، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے سمیت دیگر سیاسی جماعتیں بھی الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگا چکی ہیں۔


