وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب کے انتخاب پر پی ٹی آئی مشکل میں


تحریک انصاف نے حکومت سازی کےلئے پنجاب اسمبلی میں اکثریت کا دعویٰ کیا ہے۔ وزارت اعلیٰ کے ساتھ ہی نئے گورنر پنجاب کے نام بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں 186 ارکان کی حمایت کا دعویٰ کیا جبکہ اسی نوعیت کا دعویٰ ن لیگی قیادت کی طرف سے بھی سامنے آرہا ہےکہ وزیراعلیٰ ہمارا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ایک طرف تحریک انصاف کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے سبطین خان، اسلم اقبال، فواد چوہدری، علیم خان اور یاسمین راشد کے نام سامنے آئے ہیں۔  گورنر پنجاب کےلئے اسحاق خاکوانی، ڈاکٹر بابر اعوان، رائے عزیز اللہ اور اعجاز چوہدری مضبوط امیدوار کہے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پنجاب اور وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت سازی کےلئے آزاد امیدواروں کو جمع کرانے والے جہانگیر ترین گورنر پنجاب کے منصب پر اسحاق خاکوانی کو لانا چاہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے رائے عزیز اللہ چیئرمین عمران خان کے بااعتماد ساتھی ہیں۔ گورنر پنجاب کے عہدے کی دوڑ میں اعجاز چوہدری بھی شامل ہو گئے ہیں۔ تاہم سینئر رہنمائوں کی رائے ہےکہ شکست سے دو چار ہونے والوں کو عہدہ نہیں دیا جانا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی کے بعض حلقے بابر اعوان کی شکل میں پنجاب میں مضبوط گورنر چاہتے ہیں۔ ان کی رائے ہے کہ اپوزیشن کو ٹف ٹائم دینے کےلئے انہیں گورنر پنجاب تعینات کیا جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).