مولانا فضل الرحمن کے خلاف غداری کا مقدمہ درج


یوم آزادی کے حوالے سے متنازع بیان دینے پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن کے خلاف بہاولپور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بہاولپور میں شہری کلیم اللہ ایڈووکیٹ کی درخواست پر تھانہ کینٹ میں مولانا فضل الرحمن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ فضل الرحمن نے اپنے آباؤاجداد کے نظریے کی پیروی کرتے ہوئے پاکستان مخالف بیان دیا۔ انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر جو بیان دیا ہے وہ غداری کے مترادف ہے۔ اس لیے فضل الرحمن غداری پر مبنی بیان دے کر آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مرتکب ہوئے ہیں۔

یاد رہے فضل الرحمن نے کہا تھا کہ ہر سال 14 اگست یوم آزادی کے طور پر منایا جاتا ہے لیکن اب کی بار ہم 14 اگست کو یوم آزادی نہیں منا سکتے کیونکہ ہماری رائے کا حق چھین لیا گیا۔ شہباز شریف نے بھی ان کے اس موقف کی حمایت کی تھی۔

Facebook Comments HS