تحریک انصاف کے اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب


اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے۔
سبکدوش ہونے والے اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، جہاں خفیہ رائے شماری کے ذریعے پہلے مرحلے میں اسپیکر کا انتخاب کیا گیا۔

اسد قیصر نے 176 جبکہ خورشید شاہ نے 146 ووٹ حاصل کیے . کل 330 ووٹ کاسٹ ہوئے ، 8 مسترد۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسد قیصر جبکہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے سید خورشید شاہ کو اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
موجودہ اسپیکر ایاز صادق نئے اسپیکر کے انتخاب تک اجلاس کی صدارت کریں گے، جس کے بعد نومنتخب اسپیکر، قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کروائیں گے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کے لیے قاسم سوری اور متحدہ اپوزیشن کی جانب سے سعد محمود کو نامزد کیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر اراکین اسمبلی ایوان میں موجود ہیں۔
اجلاس کے آغاز پر 5 منتخب اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھایا، جو کسی وجہ سے 13 اگست کو حلف نہیں اٹھاسکے تھے۔

اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا طریقہ کار

اسپیکر اسمبلی کے انتخاب کی غرض سے ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے اراکین کو حروف تہجی کے مطابق باری باری ان کے نام سے بلایا گیا۔
اسپیکر کے انتخاب کے لیے 2 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔

ایک پولنگ بوتھ پر پیپلز پارٹی سےغلام مصطفیٰ شاہ اور تحریک انصاف کے عمران خٹک پولنگ ایجنٹ ہیں جبکہ دوسرے پولنگ بوتھ پر پیپلز پارٹی کی شازیہ مری اور تحریک انصاف کےعمر ایوب پولنگ ایجنٹ ہیں۔

اس سے قبل اسپیکر ایاز صادق نے اراکین کو بیلٹ باکس دکھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ’اس میں ہاتھ لگا کر دیکھیں، کہیں کچھ پہلے سے تو نہیں‘۔
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’بیلٹ باکس پر پین کے بجائے مہر کا استعمال کیا جائے‘۔
جس پر اسپیکر نے کہا کہ ’میں آپ سے اتفاق کرتا ہوں، مہر اور پیڈ فراہم کیےجائیں گے‘۔

ووٹنگ کے موقع پر کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں ہے۔
جب تمام ووٹرز ووٹ ڈال دیں گے تو اسپیکر ووٹنگ ختم ہونے کا اعلان کریں گے اور امیدواروں اور پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی ہوگی۔

جس کے بعد اسپیکر ایاز صادق نتیجے کا اعلان کریں گے اور کامیاب امیدوار سے حلف لیں گے۔
نو منتخب اسپیکر اسی طریقہ کار کے تحت ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کروائے گا۔

عمران خان کے پاس ووٹ ڈالنے کے لئے شناختی کارڈ نہیں تھا

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جب ووٹ ڈالنے پہنچے تو معلوم ہوا کہ ان کے پاس شناختی کارڈ نہیں تھا، جس پر پولنگ ایجنٹس کی رضامندی سے انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی۔
دوسری جانب عمران خان نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد اسپیکر سے ہاتھ بھی نہیں ملایا۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے عبدالقادر پٹیل نے اعتراض اٹھایا کہ ’میرا شناختی کارڈ نہیں تھا، جس پر اسٹاف نےکہا کہ کارڈ لے آئیں یا دوبارہ اسمبلی کارڈ بنوا کر لائیں، جبکہ عمران خان نیازی کے پاس کارڈ نہیں تھا، لیکن انہیں اجازت دی گئی‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’تمام ارکان برابر ہیں، سب سے یکساں سلوک ہونا چاہیے‘۔
جس پر اسپیکر ایاز صادق نے عبدالقادر پٹیل سے کہا کہ ’اگر آپ بھی پوچھ لیتے تو آپ کو بھی اجازت دے دی جاتی، میرے لیے تمام ارکان برابر ہیں‘۔

وزیراعظم کا انتخاب

خیال رہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد وزیراعظم کے انتخاب کا مرحلہ آئے گا۔
اس سلسلے میں کاغذات نامزدگی 16 اگست دن 2 بجے تک جمع ہوں گے جس کے بعد وزیراعظم کا انتخاب اگلے روز 17 اگست کو ہوگا۔

عام انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت پی ٹی آئی نے عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف وزیراعظم کے مشترکہ امیدوار ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کے وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھانے کی تاریخ 18 اگست مقرر کی گئی ہے۔
بشکریہ جیو نیوز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).