عثمان بزدار 27 ووٹوں کی اکثریت سے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب


لاہور: تحریک انصاف کے نامزد امیدوار عثمان بزدار پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے۔

اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی کی زیرصدارت اجلاس کے دوران نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس کے دوران تحریک انصاف کے عثمان بزدار نے 186 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے 159 ووٹ حاصل کیے۔

وزیراعلیٰ کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے بجائے اراکین کو اسپیکر کے دائیں اور بائیں جانب جمع ہو کر ان کی گنتی کے عمل سے کیا گیا تاہم پیپلز پارٹی نے قائد ایوان کے انتخاب کے عمل کے دوران کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہ دیا۔

اسپیکر اسمبلی نے عثمان بزدار کو ووٹ دینے والے اراکین کو اسمبلی ہال کے دائیں جانب اور حمزہ شہباز کو ووٹ دینے والے اراکین کو بائیں جانب لابی میں جمع ہونے کی ہدایت کی جس کے بعد ہال کے دروازے بند کرادیے گئے جب کہ اسپیکر نے ہدایت کی کہ جب تک اراکین کی گنتی مکمل نہیں ہوتی کوئی رکن باہر نہیں جائے گا۔

ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر نے تحریک انصاف کے امیدوار عثمان بزدار کی کامیابی کا اعلان کیا۔

اسمبلی اجلاس کی کارروائی شروع ہوئی تو (ن) لیگ کے اراکین اسپیکر کی ڈائس کے سامنے جمع ہوئے اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج کیا۔

پنجاب اسمبلی میں نمبر گیم

تحریک انصاف نے 119 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، 29 آزاد اراکین پی ٹی آئی میں شامل ہوئے، خواتین کی مخصوص 33 اور اقلیت کی 4 نشستیں حاصل کرنے کے بعد پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے اراکین کی تعداد 179 ہوگئی ہے۔

مسلم لیگ ن نے عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی کی 129 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، ایک آزاد رکن ان کے ساتھ شامل ہوا، خواتین کی 30 اور 4 اقلیتی نشستیں ملنے کے بعد ن لیگ کے اراکین کی تعداد 164 ہو گئی۔

مسلم لیگ ق نے 7 جنرل نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور ایک آزاد رکن کے شامل ہونے کے بعد ان کے اراکین کی تعداد 8 ہو گئی اور خواتین کی دو مخصوص نشستیں ملنے کے بعد یہ تعداد 10 ہو گئی۔

پیپلز پارٹی نے پنجاب سے 6 جنرل نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور خواتین کی ایک نشست ملنے کے بعد ان کی تعداد 7 ہو گئی۔
پنجاب اسمبلی سے ایک آزاد امیدوار پاکستان راہ حق پارٹی میں شامل ہوا جب کہ 4 آزاد اراکین کسی کے ساتھ شامل نہیں ہوئے۔
پنجاب اسمبلی کے تین حلقوں میں انتخابات ملتوی ہوئے جبکہ تین حلقوں کے نتائج زیر التواء ہیں۔
بشکریہ جیو نیوز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).