سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کارکنان کے تشدد سے مسلم لیگ (ن) کا حامی جاں بحق


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے سیالکوٹ میں  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک کارکن کو 25 جولائی کے عام انتخابات میں ان کے امیدوار کی مخالفت کرنے کی پاداش میں مبینہ طور پر تشدد کرکے قتل کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ سیالکوٹ کی تحصیل پسرور کے گاؤں چک بامنان پھلورا میں پیش آیا۔ ایف آئی آر کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مقامی کارکن 30 سالہ عمران پر ان کے گھر کے باہر مبینہ طور پر نامزد 5 ملزمان خالد، ناصر، زاہد، طارق اور رحمٰن سمیت 7 مسلح افراد نے حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے عام انتخابات میں ‘پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوارکی حمایت پر سزا’ کے طور پر عمران کو ہاکی، ڈنڈوں اور لوہے کی سلاخوں سے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ بدترین تشدد کے بعد ملزمان عمران کو گاؤں کے گرلز اسکول کے قریب تڑپتا چھوڑ کر فرار ہوگئے بعد ازاں انھیں ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گئے۔

پھلورا پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی شق 147، 149 اور 302 کے تحت مقدمہ درج کر دیا،جس کے بعد پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مقدمے میں نامزد 2 ملزمان رحمٰن اور طارق کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

Facebook Comments HS