ٹرمپ کے کہنے پر فحش فلموں کی اداکارہ کو رقم دی: مائیکل کوہن


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹرمپ کے کہنے پر فحش فلموں کی اداکارہ اسٹورمی ڈینل کو رقم دی تھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سنگین مشکلات میں گھر گئے، ایک ہی دن میں دو قریبی شخصیات قانون کی گرفت میں آگئیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے اپنے اوپر لگائے تمام الزامات کا اعتراف کیا ہے ان پر ٹیکس چوری، بنک سےجھوٹ بولنے اورانتخابی فنڈ کے غلط استعمال سمیت 8الزامات تھے۔ مائیکل کوہن نے بھری عدالت میں بھانڈا پھوڑ دیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے کہنے پر انہوں نے فحش فلموں کی اداکارہ اسٹورمی ڈینل کو رقم دی تھی۔

فحش فلموں کی اداکارہ اسٹورمی ڈینل نے ٹرمپ سے تعلق کا دعویٰ کیا تھا، کوہن نے بتایا کہ اسٹورمی ڈینیل سمیت دو خواتین کو چپ رکھنے کےلیے ایک لاکھ تیس ہزار اور ڈیڑھ لاکھ ڈالر دیے جو الیکشن پر اثر انداز ہونا چاہتی تھیں۔ رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کے ساتھ طویل عرصہ گزارنے والے مائیکل کوہن کو چارسے پانچ سال قید کی سزا ہوسکتی ہے جس میں نرمی کے لیے وہ روسی مداخلت سے متعلق تعاون پر بھی غور کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب ٹرمپ کی انتخابی مہم کےسابق انچارج پال مینافورٹ پر مالی بدعنوانیوں کا جرم ثابت ہو گیا ہے جس میں ٹیکس فراڈ، بینک فراڈ اور بیرون ملک بینک اکاؤنٹس چھپانے کے جرم شامل ہیں۔ مینافورٹ اور کوہن کو 2016 کے الیکشن میں مبینہ روسی مداخلت کی تحقیقات کے نتیجے میں شامل تفتیش کیا گیا تھا۔ امریکی صدر نے مینافورٹ کو اچھا آدمی قراردیتے ہوئے ان کو مجرم ٹہرانے پر افسوس کا اظہار کیا اور اسے اپنے خلاف مہم کا حصہ قرار دیاہے۔ صدرٹرمپ نے یہ کہہ کر اپنا دفاع کیا کہ مینافورٹ کے کیس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ اس میں وہ بھی ملوث ہیں۔

ٹرمپ کو ایک ہی دن میں تیسرا جھٹکا اس وقت لگا جب صدر کے اقتصادی مشیر کے گھر انتہائی دائیں بازو کے لیڈر کو مدعو کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایک کانفرنس میں پیٹربرملو کے ساتھ پینل میں شریک ہونے پر صدر کے تقریر لکھنے والے کو مستعفی ہونا پڑا تھا۔

Facebook Comments HS