دولتِ اسلامیہ کے سربراہ ابو بکر البغدادی کا نیا پیغام سامنے آگیا


خیال رہے کہ اس سے قبل متعدد بار ابو بکر البغدادی کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں۔

دہشتگرد تنظیم نام نہاد دولتِ اسلامیہ نے ایک آڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں بظاہر تنظیم کے سربراہ ابو بکر البغدادی خطاب کر رہے ہیں۔ گذشتہ سال ستمبر کے بعد سے آنے والے اس پہلے پیغام میں ابو بکر البغدادی نے تنظیم کے حمایتیوں کو مخاطب کیا ہے۔ اگرچہ اس پیغام کی کوئی تاریخ واضح نہیں ہے تاہم ابو بکر البغدادی اس میں حالیہ واقعات کا ذکر کر رہے ہیں، جیسے کہ ترکی میں ایک امریکی پادری کی گرفتاری۔

دولتِ اسلامیہ کا عراق اور شام میں جتنے علاقے پر کنٹرول قائم ہوگیا تھا اس میں سے بیشتر اب وہ کھو چکے ہیں۔ گذشتہ سال تنظیم کو اس کے گڑھ رقعہ اور موصل سے نکال دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ 2014 میں البغدادی نے تنظیم کی جانب سے خلافت قائم کرنے کے دعوے کا اعلان بھی یہیں سے کیا تھا۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’مجاہدین کے لیے کامیابی یا شکست کتنی بڑی ہے، کسی شہر یا قصبے کے چوری ہو جانے یا کس کے پاس فضائی کنٹرول، بین الابرِاعظم میزائل یا سمارٹ بم ہیں، پر منحصر نہیں ہے۔‘

خیال رہے کہ اس سے قبل متعدد بار ابو بکر البغدادی کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں۔ کچھ عرصے سے ان کے بارے میں ایسی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی تھی کہ وہ کہاں ہیں۔ اگرچہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ 2016 کے آخر میں امریکہ کی جانب سے موصل پر حملے سے قبل تک ابو بکر البغدادی وہیں موجود تھے۔ نومبر 2016 میں دولت اسلامیہ نے ابوبکر البغدادی کا ایک نیا آڈیو پیغام بھی جاری کیا تھا جس میں عوام سے کہا گیا تھا کہ وہ عراقی فوج کے خلاف موصل شہر کا دفاع کریں۔ تاہم اس پیغام کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔ خیال رہے کہ امریکہ نے البغدادی کی گرفتاری یا ہلاکت پر دس ملین ڈالر کے انعام کا اعلان بھی کیا ہوا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32554 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp