فیصل آباد میں احمدی جماعت پر مشتعل ہجوم کا حملہ، عبادت گاہ نذر آتش، پانچ افراد زخمی
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے گھسیٹ پوره میں احمدیہ بیت الذکر پر فائرنگ کی گئی ہے جس سے عبادت گاہ کے معلم سمیت پانچ احمدی افراد زخمی ہوئے۔ اس کے بعد عبادت گاہ کو توڑ پھوڑ کے بعد نذر آتش کر دیا گیا۔ وجہ تنازع کرکٹ کھیلتے دو نوجوانوں کے بیچ معمولی نوعیت کا جھگڑا تھا جس کو بدنیتی سے مذہبی منافرت کا رنگ دیا گیا۔
آج مغرب کے بعد سے علاقے میں سخت اشتعال پایا جاتا ہے۔ پولیس نے ابتدائی طور پر مداخلت نہیں کی لیکن اب رینجرز کی آمد کی اطلاعات ہیں۔ یہ مصدقہ ذرائع سے حاصل کی گئی معلومات ہیں۔ نیز یہ کہ چھ احمدی افراد کے جان بحق ہونے کی افواہ درست نہیں البتہ ایک زخمی تشویش ناک حالت میں ہیں۔ ایک احمدی کی دکان میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی ہے۔
جماعت احمدیہ کے ترجمان سلیم الدین کے مطابق زخمی ہونے والے احمدیوں کے نام سرفراز، وقاص، طاہر، قیصر اور معلم شوکت ہیں۔ تمام زخمی خطرے سے باہر ہیں۔ ایلیٹ فورس موقع پر پہنچ گئی ہے۔ عبادت گاہ کو آگ لگا دی گئی ہے۔


