آئی جی پنجاب کے لئے واجد ضیا کا نام زیر غور ہے: ذرائع


چیف سیکرٹر ی اور آئی جی سمیت پنجاب کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہباز دور کے بیوروکریٹس کو اہم ذمہ داریاں نہیں دی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے چیف سیکرٹری کے لئے اعظم سلیمان اور خواجہ شمائل کے نام زیر غور ہیں جبکہ ٓئی جی پنجاب کے لئے امجد سلیمی اور واجد ضیا کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں اور تقرریوں کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور نئی کابینہ کے حلف اٹھانے کے بعد پنجاب میں اہم بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں اور تقرریاں کی جائیں گی۔ پنجاب میں چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم اہم عہدوں پر تبادلے اور تقرریاں نئی کابینہ کے حلف اٹھانے کے بعد کی جائیں گی۔ شہباز دور میں اہم پوسٹوں پر تعینات بیوروکریٹس سے اہم ذمہ داریاں واپس لے لی جائیں گی جبکہ ان کو اہم عہدے نہیں دیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار صوبے میں کرپشن کے خلاف مہم چلانے کا اعلان کر چکے ہیں اور ایسے میں آئی جی پنجاب کیلئے واجد ضیا کا نام زیر غور آنا اس جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ واجد ضیا پانامہ جے آئی ٹی کے سربراہ کے طور پر سپریم کورٹ کے حکم پر اس وقت کے حکمران خاندان شریف خاندان کے خلاف پانامہ لیکس میں آنے والی تفصیلات اور آف شور کمپنیوں کی تحقیقات کر چکے ہیں جبکہ تاحال نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں احتساب عدالت میں پیش ہو رہے ہیں اور وقتاَ فوقتاَ اپنے بیانات قلمبند کرا چکے ہیں ۔

Facebook Comments HS