بے گھر آدمی کو ملا چار کروڑ کا چندہ ہضم کرنے والی لڑکی

چند ماہ قبل امریکا سے ایک بے گھر شخص کی حیرت انگیز فیاضی کی خبر سامنے آئی جس نے ایک خاتون کو سڑک کنارے پریشان دیکھا تو اپنے پاس موجود آخری 20 ڈالر اس کی مدد کے لئے خرچ کر ڈالے۔ کیٹ میکلور نامی اس خاتون کی گاڑی کا پٹرول ختم ہو گیا تھا اور وہ اپنا پرس گھر بھول آئی تھی۔ جانی بابٹ نامی بے گھر شخص نے اسے پریشانی میں مبتلاءدیکھا تو لمبا فاصلہ پیدل چل کر گیا اور اپنے پاس موجود رقم سے پٹرول خرید کر لایا تا کہ مصیبت میں گرفتار خاتون اپنے گھر پہنچ سکے۔
کیٹ اس فراخدلی سے بے حد متاثر ہوئی اور اپنے خاوند مارک کے ساتھ مل کر جانی کے لئے کچھ کرنے کی ٹھان لی۔ اس نے جب یہ کہانی انٹرنیٹ پر شئیر کی تو لوگ جانی کی انسان دوستی سے بہت متاثر ہوئے اور سوشل میڈیا پر اس خبر نے خوب توجہ حاصل کی۔ کیٹ اور مارک نے جانی کی مدد کے لئے ویب سائٹ ”گو فنڈمی“ پر جانی کے لئے ایک اکاﺅنٹ قائم کر دیا تا کہ لوگ اس کی مدد کے لئے عطیات جمع کروا سکیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ جانی کے لئے گھر خریدنا چاہتے ہیں۔
اتفاق کچھ ایسا ہوا کہ لوگوں نے جانی کے لئے عطیات کے ڈھیر لگا دئیے۔ اس کے لئے سوا تین لاکھ ڈالر سے زائد، یعنی تقریبا چار کروڑ پاکستانی روپے، کے عطیات جمع ہو گئے، لیکن اتنی بڑی رقم نے کیٹ اور مارک کی نیت خراب کر دی۔ کیا آپ یقین کریں گے کہ انہوں نے جانی کو گھر لے کر دینے کی بجائے صرف ایک خیمہ لے کر دیا اور باقی رقم خود ہڑپ کر گئے۔ کیٹ نے اپنے لئے نئی بی ایم ڈبلیو گاڑی خرید لی ہے جبکہ دونوں اپنے گھر میں رہنے کی بجائے مسلسل سیر و تفریح جاری رکھے ہوئے ہیں اور مختلف شہروں کا سفر کر رہے ہیں جہاں مہنگے ترین ہوٹلوں میں قیام کرتے ہیں۔
جانی کچھ عرصے تک کیٹ اور مارک کے خرچے پر کرائے کے فلیٹ میں رہا لیکن پھر انہوں نے فلیٹ کا کرایہ دینا بھی بند کر دیا۔ اب ایک بار پھر وہ سڑکوں پر دھکے کھا رہا ہے۔ کیٹ اور مارک کا کہنا ہے کہ انہوں نے تمام رقم جانی کی دیکھ بھال پر خرچ کر دی ہے لیکن یہ بات کسی کو بھی سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ کون سی دیکھ بھال تھی جس پر چند ماہ میں لاکھوں ڈالر خرچ ہو گئے۔ دریں اثناءویب سائٹ ”گوفنڈ می“ نے اس معاملے کی تحقیق شروع کر دی ہے تاکہ کیٹ اور مارک کے خلاف باقاعدہ قانونی کاروائی کی جا سکے۔








