ہیلی کاپٹر کے ایک منٹ سفر پر کتنی رقم خرچ ہوتی ہے؟ سوا آٹھ ہزار روپے


وزیراعظم عمران خان اسلام آباد میں اپنی سرکاری رہائشگاہ پرائم منسٹر ہائوس سے اپنی ذاتی رہائشگاہ بنی گالا تک کا سفر بذریعہ ہیلی کاپٹر کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیراطلاعات سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے ہیلی کاپٹر کے استعمال کا دفاع کیا اور کہا کہ ہیلی کاپٹر سفر کا سستا ذریعہ ہے، فی کلو میٹر سفر پر 50 سے 55 روپے خرچ آتا ہے۔

عمران خان وزیراعظم منتخب ہونے سے پہلے اپنی سیاسی اور انتخابی سرگرمیوں کے لئے مسلسل ہیلی کاپٹر استعمال کرتے رہے ہیں۔ انہیں خیبرپختونخوا میں سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال پر تحقیقات کا بھی سامنا ہے۔

عمران عام طور پر چارٹر کمپنی پرنسلے جیٹ کے ہیلی کاپٹر استعمال کرتے ہیں۔ پرنسلے جیٹ کے پاس ایر بس کمپنی کے تین EC 130 B4  ہیلی کاپٹر ہیں، سنگل انجن کے حامل اس چھوٹے ہیلی کاپٹر میں صرف ایک پائلٹ ہوتا ہے۔ کل 6 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے۔ عمران خان اس ہیلی کاپٹر میں پائلٹ کے برابر والی نشست پربھی بیٹھ کر سفر کرتے رہے ہیں۔

اس ہیلی کاپٹر میں ایک گھنٹہ پرواز کا کرایہ 4 ہزار ڈالر ہے یعنی فی منٹ کا کرایہ 66.66 ڈالر (تقریبا 8266 روپے) بنتا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق عمران خان پرنسلے جیٹ کے طیارے استعمال کریں یا ہیلی کاپٹر، کرایہ جہانگیر ترین ہی ادا کرتے ہیں۔ جہانگیر ترین نے پرنسلے جیٹ کمپنی کے ہیلی کاپٹر پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

Facebook Comments HS